وطن کے دفاع کے لیے عوام اور فوج ایک پیج پر ہیں: خرم نواز گنڈا پور/ میاں اسلم اقبال

فوج نے وطن عزیز کو اسلام اور انسانیت کے دشمنوں سے پاک کرنے کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں
6 ستمبر کسی دن کا نہیں ایک تاریخی سنگ میل کا نام ہے/ ہمیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے: مقررین
یوم دفاع پاکستان سیمینار سے صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، میاں ریحان مقبول، چوہدری افضل گجر، شفاقت مغل و دیگر کا خطاب

لاہور (6 ستمبر 2018) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے زیراہتمام شہدائے 6 ستمبر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ’’یوم دفاع پاکستان‘‘ سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار کی صدارت پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کی، صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال، چوہدری افضل گجر، شفاقت مغل ودیگر مرکزی، صوبائی رہنماؤں کے ساتھ ساتھ مختلف سیاسی، سماجی قائدین بھی سیمینار میں موجود تھے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ 6 ستمبر کسی دن کا نہیں ایک تاریخی سنگ میل کا نام ہے، 6 ستمبر 1965ء کی جنگ پاک فوج اور قوم نے اپنے جسموں سے نہیں جذبوں سے لڑی تھی، جسم تسخیر ہوسکتے ہیں لیکن جذبوں کو کبھی موت نہیں آتی، ناقابل تسخیر عزائم اور جذبوں والے اللہ کے یہ پراسرار بندے جو قیام پاکستان کے 18 سال بعد ہی اس آزمائش میں آپڑے، 1965ء کی جنگ کے شہداء نے اڑتالیس سال پہلے اپنا آج ہمارے کل کے لیے قربان کر دیا تھا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ ہم وطن عزیز کے دفاع کے لیے بطور قوم بڑی سے بڑی قربانی دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں، جرأت مند اور جذبہ شوق شہادت سے سرشار افواج پاکستان کے جوانوں اور افسروں کے ہوتے ہوئے کوئی ہماری سرحدوں پر میلی نگاہ نہیں ڈال سکتا، انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی جغرافیائی سرحدوں کا دفاع ہو یا انسانیت کے دشمن دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ افواج پاکستان کے افسران اور جوانوں نے بے مثال قربانیاں دیں، پاکستان کی سلامتی پر کبھی آنچ نہیں آنے دی، آج ساری قوم جنگ ستمبر کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں، 1965ء کی جنگ پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی وہ مشترکہ جدوجہد تھی جو آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہے، 6 ستمبر کا دن اس عزم کا آئینہ دار ہے کہ قوم دفاع وطن کے مقدس فریضے سے ہرگز غافل نہیں ہے۔

جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک میاں ریحان مقبول نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کی جنگ پاکستانی قومی کے لیے وقار اور لازوال استقلال کا استعارہ ہے، 1965 کی جنگ میں عوام و افواج پاکستان نے ملکی سرحدوں کا دفاع باوقار انداز میں مؤثر بناتے ہوئے دنیا کو پیغام دیا کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں، پاک فوج اور عوام نے بہادری کی وہ داستان رقم کی جو رہتی دنیا تک تاریخ کے سینے میں سنہری حروف میں محفوظ رہے گی۔

پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر نے اپنے خطاب میں کہا کہ 6ستمبر کا دن پاکستان کی عسکری، دفاعی تاریخ میں عوام اور افواج پاکستان کے اتحاد اور یکجہتی کے بے مثال مظاہرے کا ایک قابل فخر باب ہے، ہمیں مادر وطن کے لیے قربان ہونے والے شہیدوں کی قربانیوں اور جرأت مند غازیوں پر فخر ہے، پاکستانی قوم اور مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، یوم دفاع تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم ایک زندہ اور مضبوط قوم ہیں، جنرل سیکرٹری عوامی تحریک لاہور نے کہا کہ پاک فوج نے وطن عزیز کو اسلام اور انسانیت کے دشمنوں سے پاک کرنے کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، ہمیں پاکستان سے پیار اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔ سیمینار سے ناظم منہاج القرآن لاہور اشتیاق حنیف مغل، سلطان محمود چوہدری، راجہ زاہد محمود، عارف چوہدری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی قیادت میں عوامی تحریک کے رہنماؤں میاں ریحان مقبول، سہیل احمد رضا، حاجی محمد اسحاق، شہزاد رسول، اشتیاق حنیف مغل، طیب ضیاء ودیگر نے شہدائے 6 ستمبر کی یادگاروں مناواں، باٹا پور، جلو موڑ پر حاضری دی، سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے پھولوں کی چادر چڑھائی، شہداء کے درجات کی بلندی، ملکی سلامتی، دہشتگردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top