اے ٹی سی میں تھپڑ مارنے والے وکیل کے لائسنس کی معطلی کیلئے بار سے رجوع کرینگے: وکلاء عوامی تحریک

عدالت کا احترام نہ کرنے والا اور قانون ہاتھ میں لینے والا وکیل نہیں ہو سکتا: لہراسب گوندل/ نعیم الدین چودھری
ناظم اعوان ایڈووکیٹ کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے: اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ/ آصف سلہریا ایڈووکیٹ

لاہور (13 ستمبر 2018) پاکستان عوامی لائرز موومنٹ کے رہنماؤں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کے سلسلے میں کمرہ عدالت میں گواہ محسن رسول کو ملزمان کے وکیل کی طرف سے تھپڑ مارے جانے کے واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اعلان کیا ہے کہ وکیل ناظم اعوان کے خلاف لاہور بار کی ڈسپلنری کمیٹی اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو کارروائی کیلئے لکھا جائیگا، عوامی لائرز موومنٹ کے مرکزی صدر لہراسب گوندل، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ، سردار حسنین ایڈووکیٹ نے مشترکہ بیان میں کہا کہ کمرہ عدالت میں تھپڑ مارنے والے وکیل کا رویہ قابل مذمت ہے، یہ کسی وکیل کے شایان شان نہیں ہے کہ وہ عدالت کے احترام کو پس پشت ڈالے اور عدالتی کارروائی میں خلل ڈالے۔

لہراسب گوندل ایڈووکیٹ نے کہا کہ عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان 17 جون کے سانحہ ماڈل ٹاؤن اور قتل عام کے انصاف کے لیے چار سال سے عدالت میں ہیں اور انتہائی صبرو تحمل کے ساتھ قانونی کارروائی میں شامل ہیں، تھپڑ مارنے جانے کا واقعہ ناقابل برداشت اور قابل گرفت ہے۔ ایسے وکلاء کو پریکٹس کرنے کا اور عدالتوں میں پیش ہونے کا کوئی حق نہیں ہے جو قانون کوہاتھ میں لیتے ہیں۔

اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ مذکورہ وکیل کا لائنس معطل ہونا چاہیے۔

نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پولیس ملزمان کے وکلاء کے ہمراہ کچھ ایسے لوگ بھی کالے کوٹ پہن کر آجاتے ہیں جو اس کیس میں کسی کے وکیل نہیں ہیں، یہ وکلاء دوران سماعت سانحہ کے چشم دید گواہان کے ساتھ ’’لوزٹاک ‘‘کرتے ہیں اور قانونی کارروائی کے دوران خلل ڈالتے ہیں، اس کی بارہا معزز اے ٹی سی جج کو شکایت بھی کی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ آج اے ٹی سی میں پیش آنے والے واقعہ کی تحریری درخواست اے ٹی سی جج کو دے دی ہے۔ امید ہے اس درخواست پر بلاتاخیر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور عدالت میں پیش ہونے والے گواہان کو تحفظ دیا جائیگا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top