امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، امن اور احترام کی ضرورت ہے: امداد اللہ قادری

قیام امن کیلئے سیرت مصطفی ﷺ سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں: مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل

لاہور (4 اکتوبر 2018) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی صدر علامہ امداد اللہ قادری نے کہا ہے کہ اسلام دین فطرت ہے اور ہر کسی کو اپنے عقیدے کے مطابق عبادات و آزادی اظہار کا حق دیتا ہے۔ معاشرے میں بھائی چارے، رواداری، برداشت اور تحمل کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، اس امر کو یقینی بنانا ہو گا کہ کوئی امن دشمن ہمارے اس اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو پارہ پارہ نہ کر پائے۔ علمائے کرام و مشائخ عظام ممبر رسول ﷺ سے بھائی چارے، یگانگت اور برداشت کا درس دیں، یہ وقت اتحاد و اتفاق سے کام کرنے کا ہے، امت مسلمہ کو متحد کرنا علماء کرام کا دینی فریضہ اور وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔ حضور ﷺ کی ذات سے تعلق ومحبت اور آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر شعبے کیلئے رحمت و برکت حاصل کرنا ہو گی تاکہ دنیا امن و سلامتی کا گہوارہ بن سکے۔ امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو محبت، امن اور احترام کی ضرورت ہے، مثبت رویے عام ہونگے تو امن و سلامتی حاصل ہو جائے گی۔ تحریک منہاج القرآن نے اپنی چار دہائیوں کی جدوجہد میں علم اور امن کو فروغ دیا۔ اسلام کو دہشتگردی اور انتہا پسندی کی الزام تراشیوں سے پاک کرنے کا اعزاز بھی اللہ تعالیٰ نے علمی و فکری تحریک، تحریک منہاج القرآن کو عطا کیا۔ آج دنیا بھر میں تحریک منہاج القرآن کے علماء، سکالرز احیائے دین اور عشق مصطفی ﷺ کی شمعوں کو روشن رکھے ہوئے ہیں۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں علماء کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع علامہ میر آصف اکبر، علامہ خلیل حنفی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ لطیف مدنی، علامہ فیاض بشیر، علامہ محمد حسین آزاد، علامہ اکرم طیب و دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن علمی، روحانی، فکری اور سماجی خدمت کی بے مثال تحریک ہے۔ قیام امن کیلئے سیرت مصطفی ﷺ سے بڑھ کر اور کوئی دستور نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنی زندگیوں کو حضور ﷺ کے پیغام رحمت سے آراستہ کریں تاکہ دنیا امن و محبت کا گہوارہ نظر آئے۔ تحریک منہاج القرآن امت کو حضور ﷺ کی ذات سے تعلق مضبوط کرنے کیلئے متوجہ کر رہی ہے تاکہ مسلمانوں کی زندگیوں کا سکون اور خوشیاں لوٹ سکیں۔ حضور ﷺ پوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں ان کے دئیے ہوئے اصولوں پر عمل کر کے ہی انسانیت امان حاصل کر سکتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top