سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف اب مہینوں نہیں دنوں کی بات ہے: میاں زاہد اسلام

وزیراعلیٰ پنجاب نے حلف اٹھانے کے بعد پہلا بیان سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ازسر نو تحقیقات کا دیا تھا
امید ہے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے سوال پر پنجاب حکومت کا ہر قدم انصاف کیلئے اٹھے گا
سانحہ سے پاکستان کا بین الاقوامی جمہوری تشخص مجروح ہوا، مرکزی نائب صدر پی اے ٹی

لاہور (7 اکتوبر 2018) پاکستان عوامی تحریک مرکزی نائب صدر میاں زاہد اسلام نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف اب مہینوں نہیں دنوں کی بات ہے۔ نئی جے آئی ٹی کا مطالبہ جائز اور انصاف کی فراہمی کیلئے ناگزیر ہو گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن کی از سر نو تحقیقات کروانے کا بیان دیا تھا اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مظلوموں کو انصاف دلوانا انکی اولین ترجیح ہے، امید ہے نئی جے آئی ٹی کی تشکیل کے سوال پر پنجاب حکومت کا ہر قدم مظلوموں کو انصاف دلوانے کیلئے اٹھے گا ۔ وہ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایم ایس ایم کے مرکزی صدر عرفان یوسف اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے ایم ایس ایم کے رہنماؤں کو 24 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد بھی دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ میاں زاہد اسلام نے کہا کہ تحریک انصاف کا ہر رہنما اور ہر کارکن شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو انصاف دلوانے کیلئے گزشتہ چار سال ساتھ رہا، حکومت میں شامل تمام ذمہ دار سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ظلم سے اچھی طرح آگا ہ ہیں اسی لئے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ وہ حصول انصاف کی اس قانونی جدوجہد میں تحریک انصاف سے اچھے کی امید رکھتے ہیں۔

میاں زاہد اسلام نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ملکی تاریخ کا بد ترین سانحہ ہے، ریاست کے ادارے پولیس نے دن دیہاڑے معصوم شہریوں کو خون میں نہلایا اور اس اندوہناک سانحہ کی خبر پوری دنیا تک گئی۔ اس سانحہ سے پاکستان کا اسلامی، جمہوری تشخص بری طرح مجروح ہوا جسے صرف اور صرف کامل انصاف کی فراہمی سے ہی ٹھیک کیا جا سکتا ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کی فراہمی کے حوالے سے چیف جسٹس سپریم کورٹ کا آئینی، قانونی کردار قابل تحسین ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top