تعلیمات محمدی ﷺ میں مثالی لاء اینڈ آرڈر کی ضمانت ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین

اللہ کا فرمان ہے جس نے کسی کو ناحق قتل کیا گویا اس نے معاشرے کے تمام لوگوں کو قتل کیا
مسلم معاشروں میں جرائم کی وجہ جہالت اور قرآن و سنت سے دوری ہے: صدر منہاج القرآن
علماء، مشائخ، اخلاقیات کے موضوع پر نوجوانوں کی تربیت کریں

لاہور (12 اکتوبر 2018) صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات میں سوسائٹی کا امن اور مثالی لاء اینڈ آرڈر کے قیام کی ضمانت ہے، اللہ رب العزت کا فرمان ہے کہ جس نے کسی شخص کو ناحق قتل کیا تو اس نے معاشرے کے تمام لوگوں کو قتل کر ڈالا، اسی طرح حدیث نبوی ﷺ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک پوری دنیا کا ختم ہو جانا بھی کسی ایک شخص کے قتل ناحق کے مقابلے میں کم تر ہے، انہوں نے کہا کہ جس دین اور ضابطہ حیات میں انسانی جان کی اس قدر حفاظت اور حرمت ہو وہاں اگر اسلام کی تعلیمات اس کی روح کے مطابق پریکٹس ہورہی ہوں وہاں کسی کا ناحق خون کیسے بہہ سکتا ہے؟ وہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں اور کارکنان سے گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ مسلم معاشروں میں جرائم کی بڑی وجہ جہالت اور قرآن و سنت کے علوم سے دوری ہے، انہوں نے کہا کہ اخبارات ہر روز قتل و غارت گری کی خبروں سے بھرے ہوئے ہیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سنگین جرائم کا گراف اوپر کی طرف اٹھتا جا رہا ہے، عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مختص کیے گئے کھربوں روپے بھی سود مند ثابت نہیں ہورہے، قتل و غارت گری، بیشتر واقعات میں کوئی غیر کسی غیر کو نہیں بلکہ خونی مقدس رشتوں کی جان لی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ قتل و غارت گری کے اعداد و شمار سے اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ پاکستانی معاشرہ محمدی راستے پر نہیں ہے۔ سوسائٹی میں بے حسی اور سفاکیت بہت بڑھ گئی ہے، اس کے ذمہ دار حکمرانوں کے ساتھ ساتھ والدین، علماء، مبلغین اور سوسائٹی کے پڑھے لکھے افراد بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علمائے کرام اپنے خطابات میں اخلاق اور احترام انسانیت کے موضوعات پر قرآن اور پیغمبر اسلام کی تعلیمات کو اجاگر کریں اور نوجوانوں کی بطور خاص اخلاقی تربیت کریں، سوسائٹی کا من حیث المجموع اخلاق سنوارنا علماء کی اولین ذمہ داری ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top