حضرت داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ تصوف کے امام اور بین المذاہب رواداری کی علامت تھے: ڈاکٹر طاہرالقادری

صوفیائے کرام نے علم و معرفت کے جو چراغ جلائے حق کے متلاشی ان سے آج بھی روشنی پا رہے ہیں
منہاج القرآن علماء کونسل کے اجلاس میں گفتگو، تین روزہ دورۂ علوم القرآن کا آغاز 4 دسمبر سے ہوگا

لاہور (28 اکتوبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حضرت داتا علی ہجویری گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے 975ویں سالانہ عرس کے موقع پر کہا کہ حضرت داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ نے علم و معرفت کے جو چراغ جلائے حق کے متلاشی آج بھی ان سے روشنی پا رہے ہیں، داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ تصوف کے امام، محبت و اتحاد اور بین المذاہب رواداری کی علامت تھے، اپنے اور پرائے سبھی ان کی مجلس میں بیٹھ کر علم وآگہی کے موتی سمیٹتے اور زیور علم سے آراستہ ہوتے، وہ منہاج القرآن علماء کونسل کے اجلاس میں گفتگو کر رہے تھے، اس موقع پر مفتی امداد اللہ قادری، علامہ میر محمد آصف اکبر، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، مولانا خلیل احمد حنفی، علامہ غلام اصغر صدیقی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی موجود تھے۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ جو شخص اللہ کے ذکر کو زندہ رکھتا ہے اللہ تعالی اس کے نام اور ذکر کو قیامت تک کے لیے زندہ کر دیتا ہے، اس کی زندہ مثال حضرت علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کا مزار ہے، ہر سال دنیا بھر سے راہ حق کے متلاشی ان کے در پر حاضری دیتے اور کسب فیض کرتے ہیں، ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ صوفیائے کرام نے اپنے کردار، باطن کی پاکیزگی اور انسانیت سے محبت کی بنیاد پر نگر نگر اسلام کی شمعیں روشن کیں اور آخری سانس تک دنیا کو علم، امن اور محبت کا پیغام دیا، انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام نے وقت کے ظالموں، جابروں اور فرعونوں کے سامنے بھی پوری دینی غیرت و حمیت کے ساتھ کلمہ حق بلند کیا اور ڈرنے جھکنے سے انکار کیا، اس کلمہ حق کی ادائیگی اور بے باکی کی قیمت بھی چکائی مگر ان کی زبانوں پر کبھی کلمہ مصلحت نہیں آیا، صوفیاء کا یہی وہ کردار تھا جس سے انہیں ہمیشہ کی زندگی ملی، صوفیائے کرام اسوۂ حسنہ کے عملی پیکر اور ان کے دل ریاء، لالچ، خوف، نفرت، تعصب، بغض، کینہ اور ہر قسم کے دنیاوی میل کچیل سے پاک صاف تھے، سوچ اور نفس کی طہارت نے صوفیائے کرام کو بندگی کے اعلیٰ ترین مقام پر فائز کیا، انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر وقت اللہ کے حضور دعا گو رہنا چاہیے کہ اللہ ہمیں اپنے ان بندوں کے راستے پر چلنے کی توفیق دے جو اس کے انعام یافتہ ہیں۔

دریں اثناء شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 4 دسمبر سے 6 دسمبر (بروز منگل، بدھ، جمعرات) تک منہاج علماء کونسل کے زیر اہتمام 3 روزہ ’’دورہ علوم القرآن‘‘ سے خصوصی خطاب کریں گے، سہ روزہ دورہ علوم القرآن کی خصوصی نشستوں میں ملک بھر سے علمائے کرام شریک ہوں گے جن کی رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے۔ دورہ علوم القرآن کی تکمیل پر اَسناد بھی دی جائیں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top