ڈاکٹر طاہرالقادری سے سجادہ نشین اجمیر شریف پیر سید بلال چشتی کی ملاقات
سجادہ نشین اجمیر شریف (انڈیا) پیر سید بلال چشتی نے قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر پیر سید شمس الرحمن مشہدی کاظمی اور علامہ میر آصف اکبر موجود تھے۔ ملاقات میں اسلام کے فروغ میں صوفیاء کے کردار پر گفتگو ہوئی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ صوفیاء نے اسلام کی آفاقی تعلیمات کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ صوفیاء انسانیت کے لیے امن کا پیغام بن کر آئے اور سلسلہ چشت کے مشائخ و صوفیاء نے اپنی تعلیمات امن و محبت کیساتھ لوگوں کو دین اسلام سے قریب کیا۔ صوفیاء کی ایک مجلس میں ہزاروں لوگوں لوگ اپنا عقیدے بدل کر اور اسلام کے پیغام امن و محبت سے لبریز ہو کر اٹھے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن انسانیت کے لیے اسلام کے عالمگیر پیغام امن کو عام کر رہی ہے۔ ہم فروغ علم، تجدید دین اور محبت انسانیت کے پرچم تلے لوگوں کو جمع کر رہے ہیں۔
اس موقع پر سجادہ نشین اجمیر شریف پیر سید بلال چشتی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی عالمی خدمات بلاشبہ قابل قدر اور قابل اعتراف ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دنیائے اسلام کیساتھ پوری دنیا کا علمی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور ادارہ تحریک منہاج القرآن نے فروغ دین میں جو عظیم علمی و تحقیقی کام کیا، اس کی مثال کم ملتی ہے۔ مذاہب عالم کو اسلام سے قریب کرنے اور بین المذاہب رواداری میں شیخ الاسلام کی عالمی خدمات قابل قدر ہیں۔
تبصرہ