حضور نبی اکرم ﷺ کی انفرادی و معاشرتی زندگی کا ہر لمحہ محفوظ ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین

آپ ﷺ کی سیرت طیبہ پر سب سے زیادہ لکھا گیا لکھنے والوں میں مسلم و غیر مسلم شامل ہیں
عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامی اجلاس سے رفیق نجم، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف و دیگر کا خطاب

لاہور (6 نومبر 2018) صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ تاریخ انسانی میں یہ امتیاز صرف حضور ﷺ کو حاصل ہے کہ آپ ﷺ کی انفرادی، معاشرتی اور قومی زندگی کا ایک ایک لمحہ محفوظ اور اہل ایمان کیلئے مینارہ نور کی صورت میں موجود ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام عالمی میلاد کانفرنس 2018ء کے اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن رفیق نجم، امیر لاہور حافظ غلام فرید، ناظم تحریک منہاج القرآن اشتیاق حنیف مغل، افضل گجر، علامہ خلیل حنفی، اخلاق حسین، حاجی فرخ، آمنہ بتول و دیگر نے خطاب کیا۔

امیر لاہور حافظ غلام فرید نے 11 اور 12 ربیع الاول مینار پاکستان پر ہونے والی 35ویں عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے صدر منہاج القرآن کو بریفنگ دی اس کے علاوہ استقبال ربیع الاول کے حوالے سے نکالے جانے والے جلوسوں کی تفصیل کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ نے انسانیت کو بے پناہ انعام و اکرام سے نوازا مگر کوئی بھی نعمت دیتے وقت احسان نہیں جتلایا مگر پیغمبر اسلام خاتم النبین ﷺ کی بعثت کو عظیم نعمت سے تعبیر کیا۔

رفیق نجم نے کہا کہ ربیع الاول کے بابرکت مہینے کو سیرت النبی ﷺ کے مطالعہ کیلئے وقف کر دیا جائے، آپ ﷺ کی سیرت طیبہ پر تاریخ میں سب سے زیادہ لکھا گیا اور لکھا جارہا ہے، آپ کے سیرت نگاروں کی فہرست میں مسلم اور غیر مسلم تمام مصنفین شامل ہیں، ہر دور اور ہر خطہ کے اہل علم نے اپنی بساط کے مطابق آپ کی حیات طیبہ پر لکھنے کی سعادت حاصل کی۔

حافظ غلام فریدنے کہا کہ اللہ رب العزت نے اس شہر کی قسم کھائی جہاں آپ ﷺ تشریف فرما تھے، جس نبی مکرم ﷺ کی شان اللہ بیان کر رہا ہو تو تحدیث نعمت کیلئے اس پیغمبر حق کی ولادت باسعادت کا جشن کیوں نہ منایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے منہاج القرآن کو یہ توفیق بخشی کہ جس نے دنیا کے کونے کونے میں گوشہ درود قائم کئے اور میلادالنبی ﷺ کی محافل سجائیں۔

اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ انشاء اللہ تعالیٰ تحریک منہاج القرآن امسال بھی روایتی جوش و جذبہ اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ 35ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان پر منعقد کرے گی جس میں تمام مسالک کے جید علمائے کرام اور دیگر مذاہب کی شخصیات کو دعوت دی جارہی ہے۔  انہوں نے کہا کہ اہل لاہور کو بھی منہاج القرآن کی طرف سے عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top