منہاج القرآن یوتھ لیگ ربیع الاول میں ملک بھر میں پیغام امن، مشعل بردار جلوس نکالے گی: مظہر محمود علوی

منہاج یوتھ لیگ انتہا پسندی اور تنگ نظری کے خلاف جہاد کر رہی ہے: مظہر محمود علوی
سینکڑوں نوجوان 35ویں عالمی میلاد کانفرنس میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے: مرکزی صدر

لاہور (8 نومبر 2018) منہاج القرآن یوتھ لیگ ماہ ربیع الاول کے استقبال کے سلسلے میں ملک بھر میں پیغام امن میلاد مارچ اور مشعل بردار جلوس نکالے گی، میلاد مارچ اور مشعل بردار جلوس پیغام امن کے عنوان سے نکالے جائینگے، ’’پیغام امن میلاد مارچ‘‘ کا مقصد نوجوانوں میں حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ کی روشنی میں امن، محبت اور بھائی چارے کی تعلیمات کو عام کرنا ہے، منہاج القرآن یوتھ لیگ نوجوانوں میں تنگ نظری اور انتہا پسندی کے رجحانات کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں، منہاج القرآن یوتھ لیگ جشن میلاد مصطفیﷺ کو امن اور عالمی بھائی چارے کے فروغ کے عزم کے ساتھ منائے گی، حضور اکرم ﷺ پیغمبر امن ہیں اور اسلام دین امن و سلامتی ہے، اسلام میں کسی بے گناہ کی جان لینا تو دور کی بات کسی کو خود اپنی جان لینے کی بھی اجازت نہیں، مذہب و مسلک کی آڑ میں جلاؤ، گھیراؤ، فسادات کو ہوا دینا اسلام نہیں بلکہ پیغمبر اسلام کی تعلیمات تو امن، محبت، بھائی چارے، بین المسالک و بین المذاہب رواداری کو فروغ دینا ہے، ان خیالات کا اظہار مرکزی صدر منہاج القرآن یوتھ لیگ مظہر محمود علوی نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر منصور قاسم اعوان، حافظ وقار، عصمت علی، شعیب مغل، عمر قریشی، عمران بھٹی، عمر اعوان ودیگر بھی موجود تھے۔

مظہر علوی نے کہا کہ دنیا میں ولادت مصطفی ﷺ سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں، جشن میلاد النبی ﷺ کا عمل حضور اکرم ﷺ پر درود و سلام بھیجنے کی رغبت دلاتا ہے، صلوۃ و سلام بذات خود شریعت نے بے پناہ نوازشات و برکات کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر لازم ہے کہ ہم تعلیمات محمدی ﷺ پر عمل کریں تب ہی ہم حضور ﷺ سے محبت کا دعویٰ کر سکتے ہیں، نوجوان اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل کو بھلا کر ملت اسلامیہ کے عظیم مفاد میں اکٹھے ہو جائیں، حضور ﷺ کی تعلیمات کو اپنے لیے مشعل راہ بنا لیں تو ملک و ملت کو درپیش تمام مسائل حل ہو جائینگے، حضور اکرم ﷺ نے امن کی تعلیمات دیں، شدت پسند ملک و قوم اور اسلام کو بدنام کررہے ہیں، جشن میلاد مصطفی ﷺ منانے والے سیرت النبی ﷺ کے ہر پہلو پر ایمان رکھتے ہیں، حضور اکرم ﷺ نے علم اور نور کی ایسی شمعیں روشن کیں جس سے عرب جیسے علم و تہذیب سے عاری معاشرے میں جہالت کے اندھیرے ختم ہو گئے اور وہ دنیا کا تہذیب یافتہ معاشرہ بن گیا، حضور اکرم ﷺ نے اپنی تعلیمات میں امن، اخوت، بھائی چارہ، یکجہتی اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا درس دیا۔

مظہر علوی نے کہا کہ مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہونے والی 35ویں عالمی میلاد کانفرنس کی تیاریاں و انتظامات زور و شور سے جاری ہیں، لاہور سمیت ملک بھر سے ہزاروں نوجوان کانفرنس میں شرکت کے محسن انسانیت ﷺسے عقیدت و محبت کا والہانہ اظہار کریں گے، سیاسی، مذہبی جماعتوں کے یوتھ ونگز کے رہنماؤں کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے سینکڑوں نوجوان کانفرنس میں سکیورٹی خدمات انجام دینگے، لاہور کے تمام داخلی راستوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے، مختلف شہروں سے آنے والے قافلوں کو عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کے لیے رہنمائی دی جائے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top