طلباء کی ذہنی نشوونما کیلئے کھیلوں کا فروغ ضروری ہیں: ڈاکٹر حسین محی الدین

منہاج یونیورسٹی اور برازیلین جیو جٹسو فیڈریشن کے درمیان MOU پر دستخط
برازیلین کوچ کارلوس المیڈا نے ایک روزہ کیمپ میں 150 کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی

لاہور (15 نومبر 2018) منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ طلباء کی ذہنی نشو ونما کیلئے کھیلیں ضروری ہیں۔ منہاج یونیورسٹی کھیلوں میں پاکستان کے عالمی تشخص کو بحال اور اجاگر کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے برازیل کے تھرڈ ڈگری بلیک بیلٹ کے حامل مارشل آرٹس کے ماہر کارلوس المیڈا کو منہاج یونیورسٹی آمد اور طلباء کو مارشل آرٹس کی ٹریننگ دینے پر انکا شکریہ ادا کیا اور تعریفی سند سے بھی نوازا۔ ٹریننگ کیمپ کے افتتاح کے موقع پر وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر محمد اسلم غوری، فہد سرور، کرنل (ر) محمد احمد، کرنل (ر) مبشر اقبال، خرم شہزاد، چوہدری منیر حسین، ڈائریکٹر سپورٹس، منہاج یونیورسٹی کے اساتذہ، مارشل آرٹس و دیگر کھیلوں سے وابستہ شخصیات موجود تھیں۔

کارلوس المیڈا نے طلباء کو مارشل آرٹس کی جدید ترین قسم ’’جیو جٹسو‘‘ کے گُر سکھائے۔ انہوں نے بتایا کہ سیلف ڈیفنس کیلئے یہ آرٹ دنیا میں مقبول ہو رہا ہے۔ طالبات بھی اس آرٹ سے استفادہ کر سکتی ہیں، اس موقع پر منہاج یونیورسٹی اور برازیلین جیو جٹسو فیڈریشن کے درمیان MOU پر بھی دستخط کئے گئے۔ کارلوس المیڈا نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان با صلاحیت اور ’’سپورٹس لونگ‘‘ ہیں انہیں مناسب تربیت کی ضرورت ہے، تربیت سے پاکستان مارشل آرٹس کی اس جدید تکنیک میں دنیا بھر اپنا نام بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ منہاج یونیورسٹی ایڈمنسٹریشن مبارکباد کی مستحق ہے۔

انٹرنیشنل مارشل آرٹس برازیلین کوچ کارلوس المیڈا نے نوجوان کھلاڑیوں کو مارشل آرٹس کی ٹریننگ دی۔ ٹریننگ کیمپ میں آنیوالے کھلاڑیوں نے جیو جٹسو مارشل آرٹس ٹریننگ کیمپ میں سیلف ڈیفنس، مارشل آرٹس کی جدید تکنیکس سیکھیں۔ کیمپ میں برازیلین کوچ کارلوس المیڈا نے 150 سے زائد کھلاڑیوں کو ٹریننگ دی۔

وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری نے کہاکہ ٹریننگ کیمپ میں آنیوالے نوجوانوں کی ذہنی نشو ونما کے علاوہ فزیکل فٹنس سمیت سیلف ڈیفنس اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یونیورسٹی پاکستان میں مارشل آرٹس سیکھنے والے کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کوچ سے ٹریننگ دلوانے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کو کھیل کی جانب راغب کریں تاکہ آنیوالی نسل نہ صرف صحت مند ہو بلکہ کھیلوں کے میدان میں ملک کا نام بھی روشن کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top