جمیعت علمائے پاکستان (نیازی) کے مرکزی صدر کی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ملاقات

علامہ سید جواد حیدر نقوی نے بھی وفد کے ہمراہ قائد تحریک منہاج القرآن سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی
امت مسلمہ کی بقا اتحاد و یکجہتی میں ہے، ملت اسلامیہ کو سب سے زیادہ نقصان فرقہ واریت نے پہنچایا، گفتگو

لاہور (15 نومبر 2018) صدر جمیعت علمائے پاکستان (نیازی گروپ) پیر سید معصوم حسین نقوی نے قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی، انکی خیریت دریافت کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جمیعت علمائے پاکستان پنجاب کے صدر پیر اختر رسول قادری، علامہ پیرمحمد شبیر انجم قادری، علامہ ڈاکٹر امجد حسین چشتی، علامہ شبیر سواگی اور صاحبزادہ علامہ محمد حسین گولٹروی ملاقات کرنیوالوں میں شامل تھے۔

اس موقع منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی رہنما علامہ سید فرحت حسین شاہ اور علامہ میر آصف اکبر قادری بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے جمیعت علمائے پاکستان کے قائدین کا شکریہ ادا کیا اور انہیں منہاج القرآن کے زیراہتمام مینار پاکستان پر 11 اور 12 ربیع الاول کی شب منعقد ہونیوالی 35 ویں عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔

پیر سید معصوم حسین نقوی نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام بالخصوص پاکستان مشکل دور سے گزر رہے ہیں، امت مسلمہ کو ہر طرح کے چیلنجز کے مقابلے کیلئے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے، امت کے اتحاد میں ہی اسکی بقا اور اسلام کی پر امن تعلیمات کا فروغ ہے۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کے اتحاد کو سب سے زیادہ نقصان فرقہ واریت سے پہنچا۔ علمائے حق کی یہ دینی اور ملی ذمہ داری ہے کہ وہ انتشار اور تفرقے کو ختم کرنے کیلئے متحد ہوں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے علمائے کرام کے وفد کو 8 جلدوں پر مشتمل مکمل ہونیوالے جامع قرآنی انسائیکلو پیڈیا کے بارے میں بتایا اور 3 دسمبر کو ایوان اقبال لاہور میں منعقد ہونیوالی تقریب رونمائی میں بھی شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جامع قرآنی انسائیکلو پیڈیا 5 ہزار سے زائد موضوعات پر مشتمل ہے، انہوں نے کہاکہ قرآنی انسائیکلو پیڈیا کی طباعت آخری مرحلے میں ہے بہت جلد اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کے ساتھ یہ قرآنی انسائیکلو پیڈیا عامۃ الناس کے مطالعہ کیلئے پیش کر دیا جائے گا۔ وفد نے قرآن و حدیث کے علوم کے حوالے سے علمی، تحقیقی کام کرنے پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ امت کی دینی رہنمائی کیلئے انکی خدمات بے مثال ہیں۔ قائد تحریک منہاج القرآن سے معروف عالم دین علامہ سید جواد حیدر نقوی سربراہ جامع عروۃ الوثقیٰ لاہور نے ایک بڑے وفد کے ہمراہ ملاقات کی انکی خیریت دریافت کی ڈاکٹر طاہرالقادری نے علمائے کرام کی طرف سے خیریت دریافت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور انہیں بھی میلاد النبی ﷺ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top