منہاج یوتھ لیگ کے 30 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد

منہاج یوتھ لیگ نوجوانوں کیلئے ماڈل تنظیم ہے 30 سالہ سفر میں کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہی: خرم نواز گنڈاپور
منہاج القرآن یوتھ لیگ نے ہمیشہ امن، محبت اور رواداری کے پیغام کو عام کرنے کی جدوجہد کی ہے: مظہر محمود علوی
مرکزی تقریب ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد کی گئی، قربانیاں دینے والے کارکنان اور قائدین کو خراج تحسین پیش کیا گیا
تقریب سے نور اللہ صدیقی، جواد حامد، ساجد محمود بھٹی، منصور قاسم، انعام مصطفوی، اشتیاق حنیف مغل نے خطاب کیا

لاہور (30 نومبر 2018) منہاج یوتھ لیگ کے 30 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی تقریب ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد کی گئی۔ یوم تاسیس کی تقریبات میں 30سالہ جدوجہد میں قربانیاں دینے والے کارکنان اور قائدین کو خراج تحسین پیش کیا گیا، کیک کاٹے گئے، ملکی سلامتی و خوشحالی اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے درجات کی بلندی کیلئے دعائیں کی گئی۔

ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ملک کی خوشحالی اور استحکام کیلئے نوجوانوں کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ نوجوان ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، قوم کے ان معماروں کی اخلاقی و روحانی تربیت وقت کا اہم تقاضا ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ روز اول سے لے کر آج قائد منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شانہ بشانہ اصلاح معاشرہ و قیام امن اور تعمیر وطن کی جدوجہد میں شریک ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ولولہ انگیز قیادت میں منہاج القرآن یوتھ لیگ نے نوجوانوں کو وہ پلیٹ فارم مہیا کیا جس میں بیک وقت مذہبی، اخلاقی، تعلیمی، سماجی اور سیاسی کاموں میں شریک ہو کر نوجوان ملک و قوم کی بہترین خدمت کر رہے ہیں۔ میں امید کرتا ہوں کہ یوتھ لیگ قائد تحریک کے پیغام امن و محبت کو عام کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن یوتھ لیگ ایک ماڈل یوتھ تنظیم ہے، 30 سالہ سفر میں نوجوانوں کی یہ نمائندہ تنظیم کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں رہی۔ اخلاق، کردار، محبت، امن منہاج القرآن یوتھ لیگ کا طرہ امتیاز ہے۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ ہمیشہ تحریک منہاج القرآن اور قائد تحریک کی امیدوں پر پورا اتری ہے، 30 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہیں۔

یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کہا کہ یوتھ لیگ تحریک منہاج القرآن کا ہراول دستہ ہے، منہاج القرآن یوتھ لیگ نے ہمیشہ امن، محبت اور رواداری کے پیغام کو عام کرنے کی جدوجہد کی ہے۔ آج اصلاح معاشرہ، فروغ امن و شعور کے اس عظیم کارواں کی پر امن جدوجہد کو 30 سال ہو چکے ہیں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویژن کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے نوجوانوں کو ایک ایسا پر امن پلیٹ فارم مہیا کیا ہے جس میں شامل ہو کر نوجوان تعمیر وطن کی عظیم جدوجہد اور معاشرے کی اصلاح کا فریضہ انجام دے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے طول و عرض میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کی مرکزی، صوبائی، ضلعی، تحصیلی اور پی پی تنظیمات کام کر رہی ہیں، جو نوجوانوں کو ملک کے مسائل کے حل کیلئے مثبت کردار ادا کرنے کی آگاہی دے رہی ہیں۔

یوم تاسیس کی تقریب میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کیلئے خصوصی دعا کی گئی، یوتھ لیگ کے عہدیدران کو شیلڈز دی گئیں۔

تقریب سے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، جواد حامد، ساجد محمود بھٹی، منصور قاسم، محمدطیب ضیا، اشتیاق حنیف مغل، چوہدری افضل گجر، حاجی فرخ، عمر اعوان، عصمت علی، امجد چاند، انعام مصطفوی و دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور ملکی خوشحالی و سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top