ایکشن پلان پر عمل ہی شہدائے اے پی ایس کی قربانیوں کا بہترین خراج تحسین ہو گا: ڈاکٹر طاہرالقادری

پاکستان کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دیں: ڈاکٹر طاہرالقادری
بچوں، خواتین کو شہید کرنے والے کائنات کے بد ترین لوگ اور جہنم کا ایندھن ہیں: سربراہ عوامی تحریک
ہزاروں قربانیاں دے کر قوم نے ثابت کیا کوئی امن کا دشمن انکا حوصلہ نہیں توڑ سکتا

لاہور (15 دسمبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن، سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے شہید بچے قوم کے ہیرو اور امن کے چراغ ہیں۔ ان شہید بچوں کی قربانیوں اور ان کی عظیم ماؤں کی دعاؤں اور حوصلے سے افواج پاکستان نے دہشتگردوں کے خلاف تاریخ ساز آپریشن کیا اور دہشتگردی کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کی، پاکستان کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دیں، بچوں، خواتین کو شہید کرنے والے کائنات کے بد ترین لوگ اور جہنم کا ایندھن ہیں۔ ہزاروں قربانیاں دے کر قوم نے ثابت کیا کوئی امن کا دشمن انکا حوصلہ نہیں توڑ سکتا۔ وہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب روانگی سے قبل عہدے داروں، کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ دہشتگردی اور تکفیری سوچ کی مکمل جڑیں کاٹنے کیلئے مزید بڑے فیصلوں اور اقدامات کی ضرورت ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل شہدائے اے پی ایس کی قربانیوں کا بہترین خراج تحسین ہو گا۔ بچوں، خواتین کو شہید کرنے، مساجد اور اولیائے اللہ کے مزارات میں آگ اور خون کا کھیل کھیلنے والے کائنات کے بد ترین لوگ اور جہنم کا ایندھن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 70 ہزار سے زائد جانی قربانیاں دینے والے پاکستان کے عوام نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ امن پسند ہیں اور کوئی ان کے حوصلوں کو کمزور نہیں کر سکتا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ دہشتگردی کی بہت ساری وجوہات ہیں جن میں ایک بڑی وجہ کرپشن، جہالت اور نا انصافی بھی ہے، جہاں یہ سماجی عوارض ہوں گے اس زمین کو دہشتگرد اپنے لئے زرخیز سمجھتے ہیں۔ انتہا پسندی اور سماجی برائیوں کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان میں اہم اقدامات تجویز کئے گئے تھے جنکی پوری قوم نے تائید کی تھی۔ شومئی قسمت چند ایک کے سوا کسی تجویز پر ٹھوس عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں اور جب بھی انسانیت کے دشمنوں کو موقع ملتا ہے وہ خون کی ہولی کھیلتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان نجانے کس حال میں اور کس فائل میں بند پڑا ہے اسے باہر نکالا جائے اور اس پر عمل کیا جائے، یہ کوئی سیاسی یا انتظامی معاملہ نہیں ہے بلکہ پاکستان کے 21 کروڑ عوام کے جان ومال کے تحفظ اور ملکی بقا کا معاملہ ہے۔

سربراہ عوامی تحریک نے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑنے والے افواج پاکستان کے افسروں، جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور شہدائے اے پی ایس کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

سربراہ عوامی تحریک رواں ماہ کے اختتام پر عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد وطن لوٹیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top