سربراہ عوامی تحریک عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد 31 دسمبر وطن پہنچیں گے

2018 ء کا قابل ذکر واقعہ قاتلوں کا اقتدار کی بجائے جیل میں ہونا ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
زینب کو انصاف ملا، اللہ نے چاہا 2019 ء میں بیٹی بسمہ کو انصاف ملے گا
عوام کے ووٹ سے نوٹ بنانے والے معاشی دہشتگرد کسی رعایت کے مستحق نہیں
عوامی تحریک نے سیاسی مافیا اور قاتل اشرافیہ کے خلاف طویل جدوجہد کی، لاشیں اٹھائیں
2014 ء کے دھرنے میں لٹیروں کے خلاف جو حقائق بیان کیے سچ ثابت ہو گئے
انصاف بشکل قصاص کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی، نئی جے آئی ٹی انصاف کرے گی

لاہور (30 دسمبر 2018) قائد تحریک منہاج القرآن سربراہ پی اے ٹی ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ 2018 ء کا قابل ذکر واقعہ قاتلوں کا اقتدار کی بجائے جیل میں ہونا اور زینب کو انصاف ملنا ہے، اللہ نے چاہا 2019 ء میں بیٹی بسمہ کو انصاف ملے گا اور تنزیلہ امجد، شازیہ مرتضیٰ سمیت شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتل اپنے انجام کو پہنچیں گے، نئی جے آئی ٹی سے انصاف کی امید ہے، انصاف بشکل قصاص کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی، قائد تحریک منہاج القرآن عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد 31 دسمبر 2018 ء کو لاہور پہنچیں گے جہاں کارکن ان کا استقبال کریں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک نے سیاسی مافیا اور قاتل اشرافیہ کے خلاف طویل جدوجہد کی، لاشیں اٹھائیں، بدترین کردار کشی مہم کا سامنا کیا، جھوٹے مقدمات اور کارکنوں کی پکڑدھکڑ برداشت کی مگرظالم اور کرپٹ حکمرانوں کے سامنے جھکنے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کھلی لوٹ مار پر انتقام کا واویلا کرنے والوں نے ہمارے 25 ہزار سے زائد کارکن حبس بے جا میں رکھے، سینکڑوں پر دہشتگردی سے جعلی مقدمات بنائے، یہاں تک ماڈل ٹاؤن میں شہید کر دئیے جانے والے کارکنوں کی ایف آئی آر بھی ہمارے ہی کارکنوں کے خلاف درج کروائی گئی، انہوں نے کہا کہ مجھ پر پاکستان کی زمین تنگ کرنے کے منصوبے بنانے والے آج جیلوں میں ہیں اور ان پر اسی وطن کی زمین تنگ ہو چکی اور وہ نشان عبرت بنے ہوئے ہیں، یہ ظالموں، مغروروں کیلئے اللہ کا امر اور کھلی نشانی ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ کرپشن اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے ایک کردار حکومت اور عدلیہ کا ہے جبکہ اس ضمن میں فیصلہ کن کردار عوام نے ادا کرنا ہے، عوام ملکی وسائل کو لوٹنے اور ووٹ کو نوٹ اکٹھے کرنے کا ذریعہ بنانے والوں کا محاسبہ کریں اور ایسے عناصرکو مقدس ایوانوں تک مت پہنچنے دیں جنہوں نے 4دہائیاں ملک و قوم کی بجائے ذات اور خاندانوں کو مضبوط کیا، انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک نے کرپشن کے خاتمے، ادارہ جاتی اصلاحات، قومی وسائل اور ریاستی اختیارات کی منصفانہ تقسیم کیلئے جدوجہد کی، اس جدوجہد میں جانی، مالی قربانیاں بھی دیں، کارکن ہر اس اقدام کی حمایت کریں گے جس سے کرپشن، انتہا پسندی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2014 ء کے دھرنے میں لٹیروں کے خلاف جو حقائق بیان کیے تھے وہ سب سچ ثابت ہوئے اور آج ان پر عدالتوں کی مہریں لگ رہی ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top