منہاج یونیورسٹی لاہور کے سپورٹس فیسٹیول میں ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کی شرکت
منہاج یونیورسٹی لاہورمیں 15 روزہ سپورٹس فیسٹیول کے چوتھے دن کراٹے، باکسنگ، کرکٹ، فٹبال، جمناسٹک، رسہ کشی، ٹیبل ٹینس، لان ٹینس، شطرنج کے مقابلے ہوئے، چوتھے دن کے مہمان خصوصی ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر حسین محی الدین، سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق اور ایم پی اے نذیر چوہان تھے۔
سپورٹس فیسٹیول میں چوتھے روز کی کھیلوں میں جرنلزم ڈیپارٹمنٹ کی کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، طالبات کی کرکٹ ٹیم اسلامک ڈیپارٹمنٹ نے پہلی، انگلش ڈیپارٹمنٹ نے دوسری پوزیشن حاصل کی، باقی کھیلوں کے مقابلے جاری ہیں۔
چوتھے روز ہونے والی تقریب میں پرووائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر شاہد سرویا، ڈائریکٹر سپورٹس محمد اقبال مرتضیٰ، چودھری منیر حسین نے خصوصی شرکت کی، ڈپٹی چیئرمین منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر حسین محی الدین نے ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق کے ساتھ کرکٹ کھیلی۔ انہوں نے طلباء کے ساتھ باؤلنگ اور بیٹنگ بھی کی، ٹیسٹ کرکٹر عبدالرزاق نے جیتنے والی ٹیموں اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔
عبدالرزاق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے منہاج یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے ایونٹس کا انعقاد کر کے نوجوانوں کو سازگار ماحول فراہم کررہی ہے، شعوری وسعت کے لیے تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل بھی انتہائی ضروری ہیں، منہاج یونیورسٹی کی طرح دیگر یونیورسٹیاں بھی کھیلوں کی سرپرستی کریں تو ملک ایک بار پھر کھیلوں میں باوقار مقام حاصل کر سکتا ہے۔ منہاج یونیورسٹی میں عالمی معیار کے سپورٹس کورٹس اور گراؤنڈزمیں کھیلتے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو دیکھ کر یقین ہو گیا ہے کہ پاکستان میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور بہتری کیلئے بھرپور اقدامات کرتے رہیں گے، طلبا تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی ذہنی و جسمانی ورزش کیلئے صحت مندانہ کھیلوں میں ضرور حصہ لیں۔ کھیلوں سے نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی صلاحیتوں میں نکھار آتا ہے۔
تبصرہ