ریاست مدینہ کے ہر شہری کو جان و مال کا تحفظ حاصل تھا: ڈاکٹر حسن محی الدین
آئین پاکستان میں پاکستان کو ریاست مدینہ بنانیکی تمام شقیں موجود ہیں، عملدرآمد نہیں ہو رہا
مثالی لاء اینڈ آرڈر کے قیام اور انصاف سے اسلامی طرز حکومت شرق و غرب تک پھیلا: چیئرمین سپریم کونسل
لاہور (31 جنوری 2019ء) تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر چلانے کے بیانات خوش آئند ہیں اس کیلئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر چیز پر ترجیح دینا ہو گی اور قانون کی نظر میں سب کو ایک ہی مقام پر کھڑا کرنا ہو گا، ریاست مدینہ میں ساہیوال اور ماڈل ٹاؤن جیسے سانحات کی کوئی گنجائش نہیں۔ آئین پاکستان میں پاکستان کو ریاست مدینہ کے قالب میں ڈھالنے کیلئے تمام مطلوبہ شقیں موجود ہیں تاہم عملدرآمد کا فقدان ہے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود اور سینئر عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا کہ ریاست مدینہ میں مسلم و غیر مسلم کے جان و مال کو یکساں تحفظ حاصل تھا، پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ نے مثالی لاء اینڈ آرڈر کے قیام اور انصاف کے ذریعے اسلام کے بین الاقوامی کردار اور انتظامی وجود کی بنیاد رکھی، انصاف اورجان و مال کے تحفظ کی گارنٹی سے اسلامی طرز حکومت شرق و غرب تک پھیلا، میثاق مدینہ آج بھی امن، ترقی، خوشحالی کا نسخہ اکثیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان فوری انصاف کی فراہمی، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم، بلا تفریق احتساب اور جان و مال کے تحفظ پر زور دیتا ہے مگر آئین کی ان شقوں پر عملدرآمد نہیں ہو رہا، ریاست مدینہ محض میثاق مدینہ کا حوالہ دینے اور عزم ظاہر کرنے سے وجود میں نہیں آئیگی اس کیلئے فیصلہ کن اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب پارلیمنٹ میں دیانتدار نمائندے منتخب ہو کر آئیں گے تو یقیناً آئین و قانون کا احترام ہوگا، جب پارلیمنٹ میں بے گناہوں کے قاتل اور قومی خزانہ لوٹنے والے بیٹھیں گے تو قانون کی حکمرانی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ہمیشہ نظام کی اصلاح کی بات کی کیونکہ یہ نظام قومی برائیوں کو جنم دینے والے عناصر کی پشت پناہی کرتا ہے اس سے بڑا مذاق اور کیا ہو سکتا ہے کہ جو شخص اربوں کی لوٹ مار میں نیب کے پاس زیر تفتیش ہے اسی شخص کو کھربوں روپے کی بے ضابطگیوں کو ٹھیک کرنے کیلئے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی لگا دیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے لاکھوں، کروڑوں کارکنان نظام کی اصلاح کیلئے اپنے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ویثرن کے مطابق اپنا دینی، ملی کردار ادا کرتے رہینگے۔
تبصرہ