جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے نئی نسل کے ذہنوں کو پراگندہ کیا جا رہا ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین

مورخہ: 04 مارچ 2019ء

دشمن سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کو فکری دہشتگردی کیلئے استعمال کر رہے ہیں
خاتم النبین ﷺ کی تعلیمات قیامت تک کیلئے ذریعہ ہدایت ہیں: ختم نبوت کانفرنس سے خطاب

لاہور (4 مارچ 2019) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خاتم النبین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ اللہ کے آخری رسول اور ان کی تعلیمات قیامت تک کیلئے ذریعہ ہدایت ہیں۔ یہ دور بد ترین فتنوں کا ہے ایمان اور عقیدے پر حملے ہو رہے ہیں، اسلام کے دائمی دشمنوں کی نظریاتی دہشتگردی سے نئی نسل کو بچانا علمائے کرام، سکالرز، اساتذہ اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی پور شریف میں عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ اسلام کے دشمنوں نے امت مسلمہ کو مسلمہ عقائد کے حوالے فکری انتشار میں مبتلا کرنے کیلئے ریسرچ سیل قائم کر رکھے ہیں، وہ قرآن و سنت کی غلط تشریح کے ذریعے مغالطے پیدا کر رہے ہیں اور اس کیلئے جدید ذرائع ابلاغ کواستعمال کر رہے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ہوں، فیس بک پیجز ہوں، ٹویٹرز اکاؤنٹس ہوں، یو ٹیوب ہو، انسٹا گرام ہو، وٹس ایپ گروپس ہوں ان کے ذریعے نئی نسل کو گمراہ کیا جاتا ہے۔ فی زمانہ علمائے کرام، سکالرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود بھی منفی پراپیگنڈے کیلئے استعمال ہونیوالے ان ٹولز کے متعلق معلومات رکھیں اور پھر نوجوانوں کو بھی اپنے خطابات اور پیغامات کے ذریعے اس پراپیگنڈہ سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ اللہ کے آخری نبی ہیں۔ انکی مبارک حیات اور تعلیمات قیامت تک کیلئے ہیں انہی پر عمل کرنے سے ہدایت نصیب ہوگی اور یہی فلاح کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی عمارت کی پہلی اینٹ ہے۔ آپ ﷺ کے دنیا سے ظاہری طور پر پردہ فرما جانے کے بعد امت مسلمہ کے ہر مرد و زن پر یہ لازم ہے کہ وہ ان کی تعلیمات اور اطاعت و محبت کو اپنائے اور انکے نقش قدم پر چلے۔ عقیدہ ختم نبوت پر ایمان لائے بغیر کوئی شخص مسلمان نہیں ہوسکتا۔ قیامت تک کوئی نبی نہیں آئے گا۔ دین مکمل ہوچکا اور قیامت تک کیلئے انسانیت کو رہنمائی مل چکی، انہوں نے کہاکہ آج ہم سائنس اور ٹیکنالوجی کے دور میں زندہ ہیں، دشمن آج بھی چالاک اور شاطر ہے وہ مختلف ٹولز کے ذریعے ذہنوں کو پراگندہ کرتا ہے، اس پراگندگی سے بچنے کیلئے علمائے کرام کے ساتھ ساتھ مسلم آئی ٹی ایکسپرٹس کو بھی اپنا دینی و ملی کردار ادا کرنا چاہیے۔ نئی نسل کے دلوں کو محبت رسول ﷺ سے خالی کرنے کی دہشتگردی ہو رہی ہے، اب صرف خطابات سے اس فتنے سے نہیں نمٹا جا سکتا، نوجوان نسل براہ راست مطالعہ کو اپنائے اور جدید ذرائع ابلاغ پر نظر رکھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top