منہاج القرآن سیاسی، معاشی و سماجی استحصال کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے: خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 25 مارچ 2019ء

مخیر حضرات پسماندہ طبقات کی مدد کر کے اپنا قومی و اسلامی فرض پورا کریں: سیکرٹری جنرل PAT
23 شادیوں کی اجتماعی تقریب کے شاندار انعقاد پرمنہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو مبارکباد دیتا ہوں

لاہور (25 مارچ 2019) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ معاشرے کے مجبور و پسماندہ طبقات کی بحالی ومدد، صاحب حیثیت اور مخیر حضرات اپنا قومی و اسلامی فرض سمجھ کر کریں۔ ڈاکٹر طاہر القادری معاشی عدم استحکام اور قومی وسائل کی مساوی تقسیم یقینی بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ پاکستان کے غریب عوام کو میٹرو بسوں، اورنج ٹرین، ایکسپریس ویز کے کھربوں روپے کے لگژری منصوبوں کی بجائے تعلیم، صحت، انصاف اور سستی خوراک چاہیے۔ قوم کی بیٹیاں شادی کے اخراجات نہ ہونے کی وجہ سے مسائل کا شکار ہیں۔ اسی وجہ سے جرائم، سماجی و اخلاقی برائیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

شریف برادران نے سڑکیں، لوہے اور سٹیل کے جدید پل تو بنائے مگر انسانی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ہمیشہ نظر انداز کیا۔ تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے سینکڑوں غریب بیٹیوں کی شادی کروائی، لاکھوں روپے مالیت کا ضروریات زندگی کا سامان دیا۔

مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہونیوالی 23 شادیوں کی اجتماعی تقریب کے شاندار انعقاد پر ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ اور انکی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ تحریک منہاج القرآن مساوات محمدی کا احیاء چاہتی ہے ہر طرح کی سیاسی، معاشی اور سماجی استحصال کا خاتمہ چاہتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جواد حامد، خرم شہزاد، رانا فیصل، سعید اختر، امتیاز اعوان اور اجتماعی شادیوں کی تقریب میں تشکیل دی جانیوالی 15 انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ 50 فی صد سے زائد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے اگر وہ بجلی اور گیس کے بل جمع کرواتے ہیں تو انکے کھانے کیلئے کچھ نہیں بچتا۔ تحریک منہاج القرآن اپنے ان مجبور اور غریب ہم وطنوں کی فلاح کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شریف برادران اور انکے وزراء کے ایما پر خون بہایا گیا۔ قاتلوں کے خلاف قانونی جنگ لڑ رہے ہیں اور انصاف کے حصول تک لڑتے رہینگے۔ ہمیں امید ہے کہ مظلوموں کو انصاف ملے گا۔

ساڑھے 4 سال سے انصاف کے منتظر ہیں ہم دیکھتے ہیں کہ شریف برادران انصاف کے راستے کی دیوار کب تک بنتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنان کو ڈاکٹر طاہرالقادری نے امن، محبت اور بھائی چارے کی تعلیم دی ہے۔ ہمارے کارکن دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے کبھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، پاکستان عوامی تحریک کے کارکن ڈاکٹر طاہرالقادری کے دس نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کیلئے پہلے سے بھی زیادہ پر عزم ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top