والدین اولاد کو علوم قرآنی کی طرف راغب کریں: انجینئر رفیق نجم

علم کے ذریعے انسان ایمان اور یقین کی دنیا آباد کرتا ہے: نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن
تعلیم و تربیت، درس و تدریس دین اسلام کا جزو لاینفک ہے، حافظ غلام فرید
قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے مطالعہ سے ہر فرد قرآنی علوم و معارف تک رسائی حاصل کرسکتا ہے: امیر لاہور
منہاج القرآن لاہور پی پی 169 کے زیراہتمام قرآن کانفرنس سے مقررین کا خطاب

لاہور (4 اپریل 2019) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ علم کے ذریعے انسان ایمان اور یقین کی دنیا آباد کرتا ہے، دنیا میں امن و امان کی فضاء پیدا کرتا ہے، علم کی فضیلت و عظمت، ترغیب و تاکید دین اسلام میں جس دل آویز انداز میں پائی جاتی ہے اس کی نظیر اور کہیں نہیں ملتی، قرآن پاک کا سب سے پہلا لفظ جواللہ تعالیٰ نے رحمت عالم ﷺ کے قلب مبارک پرنازل فرمایا وہ اقراء ہے، قرآن حکیم کی آیات میں بھی قلم کی اہمیت اور علم کی فضیلت بیان کی گئی ہے، انسان مسجود ملائکہ عبادت کی وجہ سے نہیں بلکہ علم کی وجہ سے بنا، عبادت تو فرشتوں نے بھی بہت کی تھی مگر انہیں علم آدم کے سامنے سربسجود ہونا پڑا۔

ان خیالات کاا ظہار انہوں نے منہاج القرآن پی پی 169 کے زیر اہتمام فیروزپور روڈ لاہور میں قرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید، محمد اصغر ساجد، چودھری محمد یعقوب، ماسٹر امجد عظیم قادری، رمضان ایوبی، میاں مقصود، رمضان شاہد، حافظ قاسم، ماسٹر محمد ریاض سمیت علماء، مشائخ، خواتین و حضرات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ مسلمانوں کو عروج علم سے حاصل ہوا، قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تالیف قرآنی انسائیکلوپیڈیا آج ایک بار پھر امت مسلمہ کو علم کی طرف، قرآن فہمی کی طرف متوجہ کررہی ہے، والدین اولاد کو علوم قرآن کی طرف راغب کریں، قرآنی احکامات کو سمجھنے کیلئے قرآنی انسائیکلوپیڈیا بہترین ذریعہ ہے۔

امیرلاہور حافظ غلام فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم و تربیت، درس و تدریس دین اسلام کا جزو لاینفک ہے، علم بھٹکے ہوئے کو سیدھا راستہ دکھاتا ہے، بروں کو اچھا، دشمن کو دوست اور بیگانوں کو اپنا بناتا ہے، ہر دور میں اہل علم قرآن حکیم کوپڑھ کر، سمجھ کر امت مسلمہ اور انسانیت کیلئے موتی چن چن کر نکالتے رہے اور معراج انسانیت کیلئے اپنا فریضہ نبھاتے رہے، آج کے دور میں قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے علوم قرآنی کے سمندر میں غوطہ زنی کر کے 20 ہزار انمول ہیرے تلاش کر کے قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی صورت میں امت محمدی اور پوری انسانیت کی جھولی میں ڈال دئیے ہیں، انہوں نے کہا کہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کے مطالعہ سے ہر فرد قرآنی علوم و معارف، مضامین و مطالب تک نہ صرف رسائی پا سکتا ہے بلکہ رشد و ہدایت اور رہنمائی حاصل کر کے اقوام عالم و انسانیت کو امن کا گہوارہ بنا سکتا ہے، تقریب کے اختتام پر علماء و مشائخ کو قرآنی انسائیکلوپیڈیا کا نسخہ تحفے میں دیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top