رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کنٹرول کی جائے:خرم نواز گنڈاپور

لاہور (9 اپریل 2019ء) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف احمد العثمین کی طرف سے اوآئی سی کے اجلاس میں شرکت اور خطاب کے خصوصی دعوت نامہ پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ عالم اسلام کے سب سے بڑے فورم او آئی سی کی طرف سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی فروغ امن کیلئے عالمگیر خدمات کو سراہا گیا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے اجلاس میں بتایا کہ او آئی سی منتظمین نے درخواست کی ہے کہ 10اپریل کے خطاب میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری منہاج القرآن انٹرنیشنل کی علم و امن کے فروغ کیلئے خدمات پر روشنی ڈالیں۔ سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں ڈاکٹر طاہرالقادری کے تالیف کردہ قرآنی انسائیکلوپیڈیا کی زبردست پذیرائی پر انہیں مبارکباد دی گئی اور 8 جلدوں پر مشتمل جامع قرآنی انسائیکلوپیڈیا کو امت مسلمہ اور انسانیت کیلئے فکری رہنمائی کے حوالے سے نسخہ اکسیر قرار دیا گیا۔ سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں رمضان المبارک کی آمد، شہر اعتکاف کے انتظامات پر بھی غور و خوض کیا گیا، اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے حکومت سے اپیل کی گئی کہ رمضان المبارک کو 100 فیصد لوڈشیڈنگ فری مہینہ ڈیکلیئر کیا جائے تاکہ اسلامیان پاکستان پوری یکسوئی کیساتھ رمضان المبارک میں اللہ کی عبادت کر سکیں۔ اجلاس میں مصنوعی مہنگائی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ رمضان المبارک میں ناجائز منافع خور قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کر کے روزہ داروں کو لوٹتے ہیں، ہرسال فول پروف انتظامات کرنے کی حکمت عملی وضع کی جاتی ہے مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہو پاتا، تحریک انصاف کی حکومت مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کے عفریت سے نمٹنے کیلئے پوری توجہ مرکوز کرے، کاغذی کارروائیوں اور منصوبوں سے عام آدمی کو لٹنے سے نہیں بچایا جا سکے گا۔ اجلاس کی صدارت ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کی جبکہ اجلاس میں نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، سید امجد علی شاہ، علامہ غلام مرتضی علوی، فرح ناز، مدثرہ بلوچ، عدنان جاوید، مظہر محمود علوی، عرفان یوسف، عبدالستار منہاجین، شہزاد رسول، سہیل رضا، حافظ غلام فرید، اشتیاق حنیف مغل، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ او آئی سی عالم اسلام کا ایک معتبر اور موثر ترین فورم ہے، اس فورم پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو شرکت اور خطاب کی خصوصی دعوت ملنا بلاشبہ ایک اعزاز ہے اور منہاج القرآن کی عالمگیر خدمات کا اعتراف ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top