آج کا مسلمان وسائل سے مالا مال مگر قلبی سکون سے محروم ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

توبہ ہدایت کے راستے کا پہلا قدم ہے، شب برات کے موقع پر اجتماع سے خطاب
قرآن وسنت کے راستے پر چل کر امت اپنا کھویا مقام حاصل کر سکتی ہے: صدر منہاج القرآن

لاہور (21 اپریل 2019) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے شب برات کے موقع پرمرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ بہت بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ توبہ ہدایت کے راستے کا پہلا قدم ہے۔ ہم نے اللہ اور اسکے رسول ﷺ کی اطاعت کرنا اور گناہوں پر نادم ہونا چھوڑ دیا اور ہم میں سے اللہ کی رحمت اور برکت بھی اٹھ گئی، آج مسلمان وسائل کے اعتبار سے مالا مال ہیں مگر قلبی سکون سے محروم اور خوف و اندیشوں میں گھرے ہوئے ہیں۔ قرآن و سنت کے بتائے ہوئے راستے پر چل کر امت اپنا باطنی سکون اورکھویا ہوا مقام حاصل کر سکتی ہے۔

اجتماع میں منہاج القرآن علماء کونسل، منہاج القرآن ویمن لیگ، یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، سنیئر رہنماؤں مختلف سیاسی، سماجی، کاروباری تنظیموں کے عہدیدار بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جامعہ نعیمیہ کے شعبہ حفظ و قرآت کے صدر قاری محمد رفیق نقشبندی نے بھی خصوصی شرکت کی۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ منہاج القرآن کرہ ارض کی واحد اسلامی، اصلاحی تحریک ہے جو نفرتوں کے خاتمے اور برادرانہ اخوت پیدا کرنے کیلئے پاکستان سمیت دنیا کے کونے کونے میں قرآن کا من اور محبت والا پیغام عام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیطان نے اللہ کی عزت کی قسم کھا کر چیلنج کیا تھا کہ میں تیرے چنیدہ اور برگزیدہ بندوں کے سوا باقیوں کو گمراہ کرتا رہوں گااللہ نے بھی اعلان کیا کہ جوبندہ جب بھی، جس حالت میں بھی صدق دل سے مجھ سے معافی کا طلبگار ہو گا میں اسے معاف کرتا جاؤں گا، اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم کب اپنے گناہوں پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہو کر تائب ہوتے ہیں اور اسکی رحمتوں اور نعمتوں کے مستحق ٹھہرتے ہیں۔

ڈاکٹر حسین محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ نے فرمایا اے بندے میری رحمت سے کبھی مایوس نہ ہونا، توبہ کا ارادہ نہ کرنا اور گناہوں میں گھرے رہنا اپنے اوپر اللہ کی معافی اور رحمت کے دروازے بند کرنے کے مصداق ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کی رات اور اسکا دن، لیلۃ القدر کی رات اور اسکا دن، پندرھویں شعبان کی رات اور اسکا دن بہت متبرک ہیں۔ ان راتوں میں اللہ اپنے سوالی بندے کی ہر حاجت پوری کرتا ہے۔ مگر ان مبارک راتوں اور دنوں میں اللہ تعالیٰ عزیز و اقارب کو ناراض کرنے والے بے گناہ انسانوں کی جانیں لینے والے قاتل، عادی شراب نوش اور گناہ کے کاروبار میں ملوث بندے کو معاف نہیں کرتا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں گناہ کبیرہ و صغیرہ سے محفوظ و مامون رکھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top