مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ’ایجوکیشن بجٹ سیمینار‘‘ 5 مئی (اتوار) کو ہو گا
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، مراد راس، ریاض فتیانہ، ، ڈاکٹر قیس اسلم، ڈاکٹر شاہد سرویا سمیت اہم شخصیات شریک ہونگی
لاہور (3 مئی 2019) منہاج القرآن کی ذیلی طلبہ تنظیم مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام ’’ایجوکیشن بجٹ سیمینار‘‘ کل 5 مئی (اتوار) کو ماڈل ٹاؤن میں ہو گا، جس میں صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس، ایم این اے ریاض فتیانہ، ماہر معاشیات ڈاکٹر قیس اسلم، پرو وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر شاہد سرویاسمیت ماہرین تعلیم، ماہرین معاشیات اہم تجاویز دیں گے۔
مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے ملک بھر میں ’’تعلیم سب کےلئے‘‘ مہم شروع کر رکھی ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی جدوجہد یکساں نظام تعلیم کےلئے ہے۔ ایم ایس ایم کا مطالبہ ہے کہ آئین کے آرٹیکل 25-اے کے تحت مرکز سمیت چاروں صوبائی حکومتیں 5 سے 16 سال کی عمر کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم کا حق دیا جائے اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار دیا جائے۔ ایجوکیشن بجٹ سیمینار کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، مختلف یونیورسٹیز کے اساتذہ، طلبہ کی بڑی تعداد تقریب میں شرکت کرے گی۔
تیاریوں و انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ عرفان یوسف نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ علم و امن کی تحریک ہے۔ قوم کے بچوں کے مستقبل کو تعلیم فروش مافیا کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ معیاری تعلیم کی فراہمی حکمرانوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری فروغ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلباء کی فکری، نظریاتی اور اخلاقی تربیت بھی کر رہے ہیں۔ تحریک منہاج القرآن نے7 سو سکولز، درجنوں کالجز اور عالمی معیار کی یونیورسٹی دے کر تعلیم عام کرنے کےلئے جہاد کیا۔ عرفان یوسف نے کہاکہ طلباء اپنی تمام تر توانائیاں علم حاصل کرنے پر صرف کریں۔
تبصرہ