خزانے پر ہاتھ صاف کرنیوالے ٹرپل شاہوں کو بھی پکڑا جائے: خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 21 مئی 2019ء

شہباز شریف کو ضمانت نہ ملتی تو کھربوں روپے کی کرپشن کی انکوائری ٹھپ نہ ہوتی
بجلی،گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا: سیکرٹری جنرل

لاہور (21 مئی 2019ء) پا کستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ عدالت عالیہ نے ڈبل شاہ کی ضمانت مسترد کرتے ہوئے درست کہا ہے کہ عوام کو لوٹنے ولے کسی رعائت کے مستحق نہیں مگر اس نظام کے تحت قومی خزانے کا کھربوں روپیہ ہڑپ کرنیوالے ’ٹرپل شاہ‘ دندناتے پھر رہے ہیں، ان ٹرپل شاہوں کو بھی جیل کے سلاخوں کے پیچھے لایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ایک ٹرپل شاہ جس کے دامن پر 14 بےگناہوں کا خون ہے وہ آجکل لندن بھاگا ہوا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو ضمانت کی سہولت نہ ملتی تو وہ بیرون ملک نہ بھاگتے اور کھربوں روپے کی لوٹ مار کے کیسز کی تفتیش ٹھپ نہ ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس امر میں کوئی شُبہ نہیں کہ سابق حکمرانوں کی لوٹ مار اور بے تحاشا قرضے لینے کی وجہ سے ملکی معیشت کا بھٹہ بیٹھا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام پر بوجھ ڈالے بغیر معیشت کو ٹھیک کرنے کی پالیسی اختیار کرے۔ مہنگائی میں ہوشرباء اضافہ نے غریب کا چولہا ٹھنڈا کر دیا ہے، حکومت مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کےلئے سخت تادیبی اقدامات بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی،گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ کی خبریں آ رہی ہیں اگر یہ فیصلہ ہوا تو مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا، عوام میں مہنگائی کا بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top