اللہ سے ٹوٹے تعلق کو بحال کرنے کی سعی کا نام اعتکاف ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

مورخہ: 25 مئی 2019ء

ملک بھر سے ہزاروں افراد منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کا حصہ بنیں گے، انتظامات مکمل
سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کےلئے متبادل بندوبست کیا جائے
ڈاکٹر طاہرالقادری ہر رات ساڑھے 11 بجے ویڈیو لنک پر خطاب کرینگے: بریفنگ

اللہ سے ٹوٹے تعلق کو بحال کرنے کی سعی کا نام اعتکاف ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

لاہور (25 مئی 2019ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اللہ سے ٹوٹے ہوئے تعلق کو بحال کرنے کی سعی کا نام اعتکاف ہے۔ اعتکاف میں انسان دنیاوی معاملات سے علیحدگی اختیار کر کے خدا کی رضا اور خوشنودی تلاش کرتا ہے۔ اعتکاف سنت موکدہ کفایہ ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ عمر بھر رمضان المبارک کے آخری ایام میں معتکف ہوتے رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر اعتکاف بغداد ٹاؤن میں معتکفین کے قیام و طعام کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، جواد حامد، قاضی فیض الاسلام و دیگر رہنما ہمراہ تھے۔

سیکرٹری شہر اعتکاف جواد حامد نے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ امسال کراچی، حیدر آباد، سکھر، شکارپور، کوءٹہ، پشاور، ایبٹ آباد، گکھڑ، بہاولپور، راجن پور، وہاڑی، اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، جہلم، چکوال، گوجرانوالا، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور سمیت درجنوں اضلاع سے ہزاروں کی تعداد میں رجسٹریشن ہوتی ہے۔ خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد معتکف ہو گی، جن کےلئے اعتکاف سے متصل علیحدہ انتظامات کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ معتکفین کے سحر و افطار، نماز پنجگانہ کی ادائیگی کےلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ سکالرز ہزاروں معتکفین کو قرآن وسنت، فقہ، عقیدہ، ایمانیات، اخلاقیات کے موضوعات پر لیکچرز دیں گے۔ ذکر اذکارکی محافل کا اہتمام ہو گا اور ہر روز رات ساڑھے 11 بجے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری یوکے سے ویڈیو لنک کے ذریعے معتکفین سے خطاب کریں گے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شہر اعتکاف کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ معتکفین کے آرام اور تحفظ کا بھرپور خیال رکھا جائے تاکہ وہ سیکیورٹی کے ساتھ عبادت کر سکیں۔ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کےلئے متبادل انتظامات کئے جائیں۔ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں بغیر باڈی سرچ اور خصوصی کارڈ کسی کو شہر اعتکاف میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے تمام تنظیمات کے ذمہ داران، نائب ناظمین اعلی زونل صدر کو بھی ہدایت کی کہ وہ سیکیورٹی عملہ سے تعاون کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top