خرم نواز گنڈاپور کا علامہ منیر احمد یوسفی کے انتقال پر اظہار افسوس

علامہ منیر احمد یوسفی نے زندگی کی آخری سانس تک اصلاح امت کا فریضہ انجام دیا، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن
علامہ منیر احمد یوسفی مذہبی، علمی، ادبی حلقوں میں نمایاں مقام رکھتے تھے: منہاج القرآن علماء کونسل

لاہور(19 جولائی 2019ء) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے معروف عالم دین، سرپرست اعلیٰ انجمن اشاعت دین اسلام علامہ منیر احمد یوسفی کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ منیر احمد یوسفی کی گراں قدر دینی خدمات کو یاد رکھا جائیگا، علامہ منیر احمد یوسفی نے زندگی کی آخری سانس تک اصلاح امت اور خدمت خلق کا فریضہ انجام دیا، مرحوم نے تصانیف و تالیفات کے ساتھ ساتھ مختلف رفاعی کاموں سے انسانیت کی خدمت کی، مرحوم کے لواحقین عقیدت مندوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں، مرحوم نے دین اسلام کے لیے زندگی وقف کررکھی تھی، اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند کرے۔

دریں اثناء صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ امداد اللہ قادری، مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر، انجینئر رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس و دیگر نے بھی علامہ منیر احمد یوسفی کی دینی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ منہاج القرآن علماء کونسل کے رہنماؤں نے کہا کہ علامہ منیر احمد یوسفی حلقہ علماء میں خاص اور ممتاز رکھتے تھے، دین اسلام کی ترویج و اشاعت کے لیے ان کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top