اسلام واحد دین ہے جس میں صفائی کو نصف ایمان کا درجہ حاصل ہے: منہاج القرآن

مورخہ: 09 اگست 2019ء

کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں صفائی کی ضرورت و اہمیت پر بیداری شعور مہم چلائیں
منہاج ویلفیئر نے ہزاروں مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچانے کے انتظامات کر لیے: سید امجد علی شاہ

لاہور (8 اگست 2019ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے کہا ہے کہ منہاج ویلفیئر کی ملک بھر کی تنظیمات کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ قربانی کے ایام میں اپنے اپنے علاقوں اور قربان گاہوں کو صاف رکھنے پر توجہ دیں اور کارکنان صفائی کی ضرورت و اہمیت پر بیداری شعور مہم چلائیں اور نوجوان علاقہ کے عوام کو باور کرائیں کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو گلیوں، چوراہوں پر نہ پھینکا جائے، سماجی تنظیمات صفائی مہم کے سلسلے میں اپنی اپنی ٹاؤن کمیٹیوں اور یونین کونسلوں کے ذمہ داران سے صفائی پر میٹنگز کریں، انہوں نے کہا کہ اسلام کرہ ارض کا واحد دین اور ضابطہ حیات ہے جو صفائی کو نصف ایمان قرار دیتا ہے، دین اسلام میں طہارت اور پاکیزگی ایمان کی جڑ ہیں، صفائی نہ صرف ایک صحت مند معاشرہ کے فروغ کیلئے ناگزیر ہے بلکہ یہ اسلام اور ایمان کی اصل اور بنیاد بھی ہے۔

سید امجد علی شاہ نے مزید بتایا کہ منہاج القرآن ہر سال ہزاروں جانور اللہ کی راہ میں قربان کرنے کے انتظامات کرتی ہے، اس سال ہزاروں مستحقین تک قربانی کا گوشت پہنچانے کے انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ سید امجد علی شاہ نے بتایا کہ مرکزی قربان گاہ میں فوری طبی امداد کے لیے ڈاکٹرز کی ٹیم اور ایمبولینس سروس عید کے تینوں روز موجود ہو گی، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت جہاں جہاں بھی اجتماعی قربانی کے کیمپ لگائے جارہے ہیں منہاج ایمبولینس سروس وہاں موجود ہو گی، 50 سے زائد گاڑیوں کے ذریعے گوشت کی تقسیم کی جائے گی، کراچی، راولپنڈی، اسلام آباد، حیدر آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، ملتان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے دیگر شہروں میں اجتماعی قربانی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top