قائد منہاج القرآن کی ملت اسلامیہ کو حج اور عیدالاضحی پر مبارکباد، پاکستان کی سلامتی کیلئے دعا

مورخہ: 10 اگست 2019ء

Dr Tahir-ul-Qadri congratulates Muslims on Eid-ul-Azha and Hajj

قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اور اسلامیان پاکستان کو حج اور عید الاضحی کی بابرکت ساعتیں مبارک ہوں، اللہ تعالیٰ دنیا بھر کے مسلمانوں پر اپنا فضل فرمائے اور جہاں جہاں مسلمان تکالیف اور آزمائش سے دو چار ہیں وہاں اللہ تعالیٰ ان کی غیب سے مدد فرمائے، ان کی مشکلات دور کرے اور ان کے لیے خوش و خرم زندگی گزارنے کے اسباب پیدا کرے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ امت مسلمہ کی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام اتحاد و یکجہتی میں ہے، جس روز امت فروعی اختلافات بھلا کر ایک مٹھی کی طرح ہو جائے گی اسی دن سازشیں اور ناپاک منصوبے ریت کی دیوار کی طرح زمین بوس ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امت کے وقار کی بحالی اور اسلام کی نشاۃ ثانیہ نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم و تربیت اور علم و ہنر سے مشروط ہے، رواں صدی جو قومیں جدید سائنس اور ٹیکنالوجی سے لاتعلق رہیں گی وہ اپنے اقتدار اعلیٰ کی حفاظت کر سکیں گی اور نہ ہی اپنے عقائد و نظریات کی ترویج کو روبہ عمل لا سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے بابرکت لمحات میں قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کے لیے میرا پیغام ہے کہ وہ اپنی ساری توجہ بامقصد تعلیم و تربیت پر مرکوز کریں، نماز پنجگانہ کی ادائیگی، تلاوت قرآن پاک اور سیرت طیبہ ﷺ کے مطالعہ کو اپنے معمولات کا حصہ بنائیں، انسانیت کی خدمت اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ عیدالاضحی کے موقع پر منہاج القرآن کی ملک بھر کی تنظیمات انفرادی اور اجتماعی قربانی کے موقع پر مستحقین کو اولین فہرست میں شامل کریں، انہیں خوشیوں میں شریک کریں، عیدالاضحی کے ایام انتہائی مبارک اور مقدس ہیں، ان ایام میں اللہ رب العزت سے کی جانے والی کوئی دعا رائیگاں نہیں جائے گی، ملک اور عوام کی بہتری اور تحفظ کے لیے اللہ رب العزت کے حضور دعا گو رہیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی گلاسگو میں نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد خصوصی دعا

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top