عید قربان کے موقع پر ضرورت مندوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہمارا فرض منصبی ہے: سید امجد علی شاہ

مورخہ: 14 اگست 2019ء

لاہور (14 اگست 2019ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام عیدالاضحی پر لاہور سمیت ملک بھر میں ہزاروں جانور قربان کر کے سنت ابراہیمی کو ادا کیا گیا، اجتماعی قربانی کے گوشت کو مستحقین میں تقسیم کیا گیا، گوشت کی تقسیم کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے وسیع انتظام کیے تھے، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ کی نگرانی میں 35 سے زائد ذیلی کمیٹیوں نے قربانی کا گوشت ہزاروں ضرورت مند افراد کے گھروں تک پہنچا کر قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے عیدالاضحی کا مبارکباد کا پیغام بھی پہنچایا،لاہور میں اجتماعی قربانی کے لیے کیمپ لگائے گئے۔

اس موقع پر ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ یورپ،مشرق وسطی، برطانیہ اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے جن لوگوں نے قربانی کے حوالے سے منہاج القرآن پر اعتماد کیا تھا اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہم اس اعتماد پر پورا اترے اور جو ذمہ داری تفویض کی گئی تھی اس میں سرخرو ہوئے، الحمدللہ کسی بھی مستحق کو خالی ہاتھ نہیں جانے دیا گیا، ہزاروں غریب خاندانوں تک قربانی کا گوشت بروقت پہنچایا گیا۔ انسانی ودینی خدمت کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے جملہ عہدیداران و کارکنان مبارکباد کے مستحق ہیں۔

مستحقین میں گوشت کی تقسیم کے موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں تعلیم، صحت اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام کررہی ہے اور عید قربان کے موقع پر ضرورت مندوں کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنا ہمارا فرض منصبی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہمیں عیدالاضحی کے موقع پر مستحقین کی خوشیوں میں شریک ہونے کے کار خیر کی توفیق بخشی۔

سیکرٹری عید قربان کمیٹی جواد حامد،مشتاق احمد، ایوب انصاری، سعید اختر،طیب ضیاء، قاری ریاست، میاں زاہد جاوید نے اپنی نگرانی میں مستحقین تک گوشت کی تقسیم کویقینی بنایا اور تمام انتظامات کو حتمی شکل دی۔

جواد حامد نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن انسانی خدمت کا بے مثال ادارہ ہے جو ہمہ وقت مستحقین اور دکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رہتا ہے، انہوں نے کہا کہ مستحقین کی مدد اور خدمت میں جو سکون ہے وہ کسی اور عمل میں نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ایک اہم فریضہ کی ادائیگی کے حوالے سے اپنی خاص توفیق بخشی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top