منہاج القرآن کی طرف سے دی فتوی (TheFatwa) کے نام سے نئی موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح

مورخہ: 26 اگست 2019ء

موبائل ایپلی کیشن کا مقصد مختلف شرعی احکامات پر عامۃ الناس کو آن لائن رہنمائی مہیا کرنا ہے
ہزاروں سوالات کے جوابات موبائل ایپلی کیشن میں رکھے گئے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کی مبارکباد

لاہور (26 اگست 2019ء) قائد منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایت پر دارا لافتاء کی ویب سائٹ کے نئے ورژن اور جدید موبائل ایپلی کشن "TheFatwa" کا اجراء کیا گیا ہے جس کا باضابطہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں صدر دارالافتاء مفتی عبدا لقیوام ہزاروی، ڈائریکٹر ریسرچ محمد فاروق رانا، ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبدالستار منہاجین، مفتی شبیر قادری، محمد ثناء اللہ طاہر اور منہاج انٹرنیٹ بیورو کا عملہ شریک ہوا۔

TheFatwa موبائل ایپلی کیشن کے اجراء پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے صدر دارالافتاء اور منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ دینی، شرعی اور فقہی امور میں عوام کو جدید ذرائع ابلاغ کے تحت خدمات مہیا کرنا بھی عبادت اور کار خیر ہے۔

مفتی عبدالقیوام ہزاروی نے افتتاحی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انٹرنیٹ اور جدید ذرائع ابلاغ کی صدی ہے، اشاعت دین اور امت مسلمہ کی رہنمائی کے لئے دارالافتاء کا آن لائن سلسلہ شروع کیا گیا ہے تاکہ عامۃ الناس اپنی روزمرہ کے امور سے متعلق بآسانی آگاہی حاصل کر سکیں۔

نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خاں، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے موبائل ایپلی کیشن کے اجراء پر منہاج انٹرنیٹ بیورو کو مبارکباد دی ہے۔


تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top