اسلام کی فکری بنیاد عدل و انصاف پر قائم ہے: منہاج القرآن

مورخہ: 27 اگست 2019ء

محرم الحرام ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا پیغام دیتا ہے،علامہ میر آصف اکبر
اسلام اور انسانیت کے دشمن مذہبی بنیاد پر امت میں نفاق پیدا کرتے ہیں

لاہور (27 اگست 2019ء) منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر نے کہا ہے کہ محرم الحرام ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے، اسلام اور انسانیت کے دشمن مذہبی بنیاد پر امت میں نفاق پیدا کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ماہ محرم کو عزت و احترام والا مہینہ قرار دیا ہے، تمام مکاتب فکر کے لوگ محرم الحرام میں فروعی اختلافات، فرقہ واریت سے دور رہ کر ایّام عاشور کو تعظیم و احترام دیں۔ علمائے کرام امن، بھائی چارے اور اتحاد کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے کردار ادا کریں۔ سب نے مل کر ملک و ملت کے دشمن کو باہمی اتحاد و اتفاق کی طاقت سے شکست دینا ہے، امن کے لیے اتحاد و اتفاق ہماری اولین ترجیح اور نصب العین ہونا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ نے سال کے 12 مہینوں میں سے جن چار کو محترم قرار دیا ان میں محرم سرفہرست ہے، زمانہ جاہلیت میں بھی ان مہینوں کا احترام کیا جاتا تھا۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن علماء کونسل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے، اجلاس میں علامہ غلام اصغر صدیقی، مفتی خلیل حنفی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ رفیق رندھاوا، علامہ اکرم طیب، علامہ محمد حسین آزاد، علامہ صابر کمال وٹو، علامہ فیاض بشیر و دیگر مرکزی، صوبائی و ضلعی رہنما موجود تھے۔

علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ ماہ محرم میں پیش آنیوالے اہم واقعات نے اس مہینے کی اہمیت و فضیلت میں اضافہ کردیا ہے، یکم محرم الحرام کو خلیفہ دوم و مراد رسول سیدنا حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ اور 10 محرم الحرام کو نواسہ رسول سیدنا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی اپنے قافلے اور خاندان نبوت کے افراد کے ساتھ شہادت کے واقعات نے نہ صرف مسلمان بلکہ انسانیت اور تاریخ انسانیت کو متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدل و انصاف اسلام کی اساس ہے، حضرت سیدنا عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا اسوہ قابل تقلید ہے، نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے اپنی اور اپنے خاندان کی جانوں کو نذرانہ پیش کر کے صبر و رضا کی لازوال مثال پیش کی۔ حضرت امام عالی مقام رضی اللہ عنہ کا صبر اور حق پر اسلام دشمنوں کے ساتھ ٹکرا جانا ایک ایسا واقعہ ہے جس نے امت مسلمہ کے ایمانی جذبوں کو زندہ و جاوید کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن علماء کونسل یکم محرم کو یوم سیدنا عمرفاروق رضی اللہ عنہ منائے گی، اس حوالے سے پورے ملک میں کانفرنسز اور سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔ محرم الحرام میں نواسہ رسول حضرت امام عالی مقام رضی اللہ عنہ اور ان کے اہل بیت کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ’پیغام امام حسین‘ کے عنوان سے کانفرنسز کا انعقاد کیا جائیگا۔ علامہ میر آصف اکبر نے کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ پاکستان بیرونی دباؤ کا شکار ہے، ان حالات میں داخلی طور پر رواداری اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرنا ہو گا، ہمیں مل کر داخلی انتشار کی ہر کوشش کو ناکام بنانا ہو گا۔ یہی وقت کی ضرورت اور محرم الحرام کا پیغام ہے، امن اور رواداری کے لیے علمائے کرام کے ساتھ ساتھ قومی اداروں کو بھی اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top