منہاج القرآن کے رہنماؤں کی صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت سے ملاقات

وفد نے منہاج یونیورسٹی میں منعقدہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جو وزیر قانون نے قبول کر لی
ڈاکٹر طاہرالقادری کے قائم کردہ تعلیمی ادارے نوجوانوں کو مقامصد تعلیم دے رہے ہیں: راجہ بشارت
وفد میں شہزاد رسول قادری، حاجی محمد اسحاق اور عبدالحفیظ چودھری شامل تھے

لاہور (12 ستمبر 2019ء) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی رہنماؤں کے وفد نے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت سے ملاقات کی ہے اور انہیں 19 اور 20 ستمبر کو منہاج یونیورسٹی لاہور میں ”علم کے ذریعے معیشت کا فروغ“ کے عنوان سے ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی۔ صوبائی وزیر قانون نے دعوت قبول کرتے ہوئے 20 ستمبر کو اختتامی سیشن میں شرکت کی حامی بھری۔ تحریک منہاج القرآن کے وفد میں ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول قادری، حاجی محمد اسحاق اور عبدالحفیظ چودھری شامل تھے۔

صوبائی وزیر قانون نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نوجوانوں کو بامقصد تعلیم دے رہے ہیں۔ جہالت اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ پنجاب حکومت سوسائٹی کے کمزور اور پسماندہ طبقات کے مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بالخصوص نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ علم و امن کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ ساتھ تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان تعلیم حاصل کر کے انسانیت کی خدمت اور وطن کی سربلندی کے لیے کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نوجوانوں کو علم اور امن کی تعلیم دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے جدید اور معیاری تعلیمی سہولتیں فراہم کررہے ہیں، انہوں نے قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت اور تندرستی کے لیے نیک تمناؤں کااظہار بھی کیا۔ منہاج القرآن کے رہنماؤں نے کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ قبول کرنے پر وزیر قانون راجہ بشارت کا شکریہ ادا کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top