منہاج یونیورسٹی میں ”سائنس اور مذہب“ کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس 26 اکتوبر کو شروع ہو گی

لاہور (10 اکتوبر 2019ء) منہاج یونیورسٹی لاہور کے ڈپٹی چیئرمین صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ ہمارا نصب العین جہالت کے اندھیرے ختم کرنا اور ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ باشعور نسل پروان چڑھانا ہے۔ منہاج یونیورسٹی لاہور نے سیاسی، سماجی، معاشرتی، اقتصادی، صحافتی اور انسانی موضوعات پر بین الاقوامی کانفرنسز منعقد کر کے مشرق اور مغرب کے درمیان ایک نئے علمی، تحقیقی مکالمہ کی بنیاد رکھ دی ہے جس کا مقصد طلباء و طالبات کو دنیا بھر میں ہونے والی ایجادات اور علمی، تحقیقی موضوعات اور پیشرفت کے حوالے سے باخبر رکھنا ہے، اسی سلسلے میں 26 اور 27 اکتوبر 2019 ء کو ”سائنس، وجوہات اور مذہب“ کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہورہی ہے جس میں یوکے، یو ایس اے، تھائی لینڈ، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے ممتاز یونیورسٹیز کے سکالرز، پروفیسرز، ڈاکٹرز اپنے اپنے تحقیقی مقالہ جات پیش کریں گے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک پڑھے لکھے پاکستان کی تشکیل اور باشعور نسل پروان چڑھانے کے لیے ہمیں اپنے گردونواح میں ہونے والی سائنسی ترقی اور ایجادات سے ہم آہنگ ہونا ہے، اس کے لیے یونیورسٹی کی سطح پر بین الاقوامی دانشوروں کے مابین تبادلہ خیال ضروری ہے اور منہاج یونیورسٹی اس قومی اور ملی ضرورت کو پورا کرنے کے حوالے سے پیش پیش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذہب اور سائنس کے درمیان موجود تعلق کو اجاگر کرنے کے لیے یہ کانفرنس ایک اہم استدلال کی بنیاد مہیا کرے گی، انہوں نے منتظمین کو ہدایت کی کہ بین الاقوامی کانفرنس میں ملک بھر کی نجی اور سرکاری یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات فیکلٹیز کو مدعو کیا جائے، انہوں نے کہا کہ مذہب کی پرامن تعلیمات اور سائنس کے تجرباتی، مشاہداتی نتائج کی بنیاد پر ہم بین المذاہب ہم آہنگی قائم کرنے اور پرامن گلوبل ورلڈ کی تشکیل میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top