سکالرز یکساں اور مفید نصاب کی تیاری کے لئے کردار ادا کریں : ڈاکٹر طاہرالقادری

پاکستان اور عالم اسلام کی ترقی دین اور دنیا کے علم کے حصول میں ہے
قائد منہاج القرآن کا کالج آف شریعہ کے سکالرز کی منہاجین کونسل سے خطاب

لاہور (19 اکتوبر 2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سکالرز یکساں اور ہر طرح کی انتہا پسندی سے پاک نصاب کی تیاری اور پر امن تعلیمی، تحقیقی ماحول پیدا کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔ علم حاصل کرنا ہر مومن مسلمان پر فرض ہے، حاصل کئے گئے علم کو اپنے قول و فعل، گفتار اور کردار میں ڈھالنا سب کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے فارغ التحصیل سکالرز کی مرکزی کوآرڈینیشن کونسل کے ذمہ داران کے منعقدہ اجلاس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ اجلاس میں منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، جوادحامد، شہزاد رسول، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، محمد فاروق رانا، نعیم الدین چوہدری، عبدالستار منہاجین، عین الحق بغدادی، اُم حبیبہ، شمائلہ ایڈووکیٹ، محمد سعید اختر اور وسیم افضل شریک تھے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان اور عالم اسلام کی ترقی، خوشحالی دین اور دنیا کی یکساں تعلیم کے حصول اور پھر اسے عملاً پریکٹس کا حصہ بنانے میں ہے۔ علم کو روزگار کا ذریعہ بنانے میں مضائقہ نہیں ہے لیکن حصول علم کا اصل مقصد انسانیت کی خدمت اور فلاح عامہ ہے، اگر یہ مقصد حاصل نہیں ہو گا تو پھر حصول علم کی برکات سے سوسائیٹی محروم رہے گی، انہوں نے کہاکہ اللہ نے امت محمدی کو تعلیم وتعلم، دعوت و تبلیغ، وعظ و نصیحت، اصلاح احوال، اصلاح معاشرہ کے باب میں پیغمبرانہ ذمہ داری تفویض کی ہے۔ نبی آخر الزمان ﷺ کی ظاہری حیات مبارکہ کے بعد امت محمدیہ پر دعوت و تبلیغ کے کام کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری ڈالی گئی ہے۔

صاحب علم اس ذمہ داری کی انجام دہی کے حوالے سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتے، اگر وہ اس ذمہ داری کو پورا نہیں کرینگے تو ان سے باز پرس ہوگی۔ انہوں نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے فارغ التحصیل سکالرز کو نصیحت کی کہ وہ جہاں کہیں بھی ہیں سب سے پہلے اپنی آرگنائزیشن سے عہد وفا نبھائیں، اسکی بہتری کےلئے اپنی بہترین صلاحیتیں بروئے کار لائیں، اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے جو علم حاصل کیا ہے اسکا بھی حق ادا کریں اپنے ملک، اپنے دین اور اپنے عوام کےلئے اسے مفید اور نفع بخش بنائیں اور کردار سازی پر توجہ دیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top