عالمی میلاد کانفرنس، منہاج القرآن کے رہنماؤں کا مینار پاکستان میں اہم اجلاس

اسلام کی تعلیمات انسانیت کے تحفظ اور بقا کے لئے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
عالمی میلاد کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین، بزرگ بچے نوجوان شریک ہونگے
ڈاکٹر طاہرالقادری سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر خطاب کریں گے: بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان
سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد نے اجلاس کو انتظامات کے بارے میں تفصیل سے بریف کیا
اجلاس میں جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول، حافظ غلام فرید، مظہر محمود علوی، سدرہ کرامت و دیگر کی شرکت

لاہور (7 نومبر 2019) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام 11 اور 12 ربیع الاول کو عالمی میلاد کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مینار پاکستان میں قائم کنٹرول روم میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر منہاج القرآن بریگیڈیئر ریٹائرڈ اقبال احمد خاں کی زیر صدارت انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کا اجلاس ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین، بزرگ بچے نوجوان شریک ہونگے تمام کمیٹیوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ مینار پاکستان سے ملحقہ گراونڈز اور اس کی خوبصورتی اور صفائی کا بھرپور خیال رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کا جشن ولادت انتہائی عقیدت و احترام، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے، انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے ذریعے پوری دنیا کو پیغام دیں گے کہ کریم آقا ﷺ کا نام لیوا صرف امن، محبت رواداری کا پیامبر ہے، اس کا تنگ نظری اور انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں اور اسلام کی تعلیمات انسانیت کے تحفظ اور بقا کے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میلاد کانفرنس میں تمام مذاہب کے رہنما شریک ہونگے کیونکہ کہ نبی آخرالزمان ﷺ رحمت اللعالمین بنا کر بھیجے گئے۔

بریگیڈیئر (ر)اقبال احمد خاں نے بتایا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری عالمی کانفرنس سے سیرت النبی ﷺ کے موضوع پر ایمان افروز خطاب کریں گے، سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد نے اجلاس کو انتظامات کے بارے میں تفصیل سے بریف کیا، اجلاس میں جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول، حافظ غلام فرید، مظہر محمود علوی، سدرہ کرامت، فریدہ سجاد، ام حبیبہ اسماعیل، آمنہ بتول، حاجرہ اعوان و دیگر خواتین رہنما شریک تھیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top