مظفرآباد (آزاد جموں و کشمیر): شان صحابہ و ذکر اہل بیت کانفرنس

تحریک منہاج القرآن ضلع مظفرآباد کے زیراہتمام 13 ستمبر 2020ء کو شانِ صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین و ذکر اہلبیت علیہم السلام کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحریک منہاج القرآن ضلع مظفرآباد کے عہدیداران و کارکنان سمیت علمائے کرام اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کی صدارت پیر سید غلام مرتضیٰ شاہ کاظمی نے کی۔ کانفرنس سے تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات شمالی زون و آزاد جموں و کشمیر علامہ رانا محمد ادریس قادری نے خصوصی خطاب کیا۔‎

کانفرنس کا آغاز تلاوتِ کلام الٰہی سے ہوا جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔ علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اَہلِ سنت کے بنیادی عقائد میں جہاں اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات اور رسول اکرم ﷺ کی ذات و کمالات پر ایمان رکھنا بنیادی اہمیت کا حامل ہے، وہیں نبی اکرم ﷺ کے صحابہ کرام، آپ ﷺ کے اہلِ بیتِ اطہار اور اولیاء عظام سے محبت و تکریم بھی اہلِ سنت کے شعائر میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے ادب و احترام اور اہلِ بیتِ اطہار علیہم السلام کی محبت کو باعثِ نزاع بنایا جا رہا ہے۔ اِن حالات میں ذواتِ مقدسہ کی محبتوں کو از سرِ نو اجاگر کرنا اور ان کے فضائل و کمالات کو قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کرنا نہ صرف وقت کا تقاضا بلکہ ایمان کا جزوِ لا ینفک ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجددِ رواں صدی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اُمتِ مسلمہ کو درپیش دیگر مسائل کی طرح مرورِ زمانہ کے سبب پنپنے والے باطل عقائد کی اصلاح کا بیڑا بھی اٹھائے ہوئے ہیں۔ شیخ الاسلام نے قرآن و سنت اور سلف صالحین کی تعلیمات کی روشنی میں دلائل سے اُمت میں اصلاح کا یہ مجددانہ کردار بھی بحسن و خوبی سرانجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حب اہل بیت علیہم السلام اور حُبِّ صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین دونوں کو جمع کرنا اَہلِ سنت و جماعت کے ہاں ایمان تھا اور ہے۔ دونوں کو جمع رکھنا ہی اَہلِ سنت کا امتیاز اور تشخص تھا اور ہے۔

کانفرنس کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top