عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر کالج آف شریعہ میں 18 دسمبر کو تقریب ہوگی

تقریب کا انعقاد کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی طرف سے کیا جارہا ہے
سوڈان، یمن، تیونس، مصر اور پاکستان کے عریبک سکالرز تقریب سے خطاب کرینگے
عربی زبان کے عالمی دن کو منانے پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی مبارکباد

لاہور(17 دسمبر 2020ء) عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی تقریب کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام 18 دسمبر کو منعقد ہورہی ہے، تقریب میں سوڈان سے ڈاکٹر عبدالمحمود سوڈانی، شام سے شیخ خالد الشامی، تیونس سے شیخ فضل بن محمد القیروانی، لاہور سے ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی، ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی، ڈاکٹر فیض اللہ بغدادی، ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد، ڈاکٹر نبیلہ اسحاق، ڈاکٹر ظہیر احمد صدیقی اور حافظ ساجد محمود تقریب سے خطاب کریں گے۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر بین الاقوامی سطح پر تقریب کا اہتمام کرنے پر کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی ایڈمنسٹریشن کو مبارکباد دی ہے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ عربی قرآن اور پیغمبر آخر الزماں ﷺ کی زبان ہے، اس زبان کی کلمہ گو مسلمانوں کے لئے بڑی اہمیت اور فضیلت ہے۔ ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز طلحہ حسنات نے کہا کہ اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم یونیسکو کے زیر اہتمام 18 دسمبر کو دنیا بھر میں عربی زبان کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ عربی زبان کے عالمی دن کو منانے کامقصد مختلف زبانیں بولنے والے افراد کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے اور ان کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی پیدا کرنا اور مختلف تہذیبوں کے درمیان ڈائیلاگ کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیسکو کے مطابق عرب دنیا میں 42کروڑ سے زاہد افراد کی مادری زبان عربی ہے اور دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمان عربی زبان کے ساتھ کسی نہ کسی شکل میں منسلک ہیں، انہوں نے کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج یونیورسٹی لاہور شعبہ عربی نے اس سال عربی زبان کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا ہے، تقریب میں ملکی و غیر ملکی مندوبین عربی زبان کی اشاعت و فروغ کے ضمن میں ہونے والی کاوشوں پر مقالہ جات پیش کرینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top