کرونا کی حالیہ لہر انتہائی خطرناک ہے ماسک لازمی پہنیں، ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 23 مارچ 2021ء

فاصلہ رکھیں اور غیر ضروری مارکیٹوں، ہجوم میں جانے سے گریز کریں
قائد تحریک منہاج القرآن کا عوام اور کارکنان کے لیے خصوصی پیغام

لاہور (23 مارچ 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوام اور کارکنان کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ کرونا وائرس کی حالیہ تیسری لہر خطرناک اور تشویشناک صورتحال اختیار کر چکی ہے، یہ پہلی اور دوسری لہر سے زیادہ شدید ہے، پاکستان میں لوگ اسے سیریس نہیں لے رہے بچاؤ کے لیے صحت کے قومی و بین الاقوامی ادارے جو ضروری پروٹوکول اور اقدامات اختیار کرنے کی ہدایات دے رہے ہیں ان کا خیال نہیں رکھا جا رہا، بدقسمتی سے وباء کے دوران ماسک لگانے کا کلچر پروان نہیں چڑھ سکا سماجی فاصلہ رکھنے کی اہمیت کا بھی ادراک نہیں کیا جا رہا ہے، کورونا وائرس کی سنگینی کا اندازہ اسی کو ہوتا ہے جو اس تکلیف سے دوچار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جسے اللہ پاک نے اس تکلیف سے محفوظ رکھا ہوا ہے وہ اس کو سیریس لیں، ایس او پیز کا خیال رکھیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا میری قوم سے اپیل اور سب رفقاء، کارکنان، وابستگان، ذمہ داران، تنظیمی عہدیداران اور مشن کے جملہ وابستگان کے لیے ہدایت ہے کہ ان دنوں بہت زیادہ احتیاط سے کام لیں اپنی صحت اور زندگی کا خیال رکھیں اپنی فیملی اور بچوں کا خیال رکھیں انتہائی ضروری ہو تو باہر نکلیں اور ماسک کا استعمال لازمی کریں مغربی دنیا میں تو ڈبل ماسک پہننے کی ہدایات دی جا رہی ہیں، جب بھی میٹنگ میں بیٹھیں ماسک کو پابندی سے استعمال کریں جب کسی سے ملاقات کے لیے جائیں تو 6 سے 8 فٹ کا فاصلہ رکھیں ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملائیں اور سینے پہ ہاتھ رکھ کر سر جھکا کر اپنی باڈی لینگوئج کے ذریعے سلام دعا لے لیں اور ہجوم سے اپنے آپ کو دور رکھیں، اللہ رب العزت آپ سب کو اپنی حفظ وامان میں رکھے۔

انہوں نے کہا تحریک منہاج القرآن کی جملہ تنظیمات، عہدیداران، ذمہ داران، کارکنان کو یہ پیغام بھیج رہا ہوں اس پر عمل کریں، پاکستان عوامی تحریک اور تمام فورمز اس سوشل میسج کو عام کریں اور ایک دوسرے کی حفاظت کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منہاج یونیورسٹی لاہور، نظام المدارس پاکستان، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج کالج برائے خواتین، گرلز اسکول، تحفیظ القرآن، منہاج ایجوکیشن سوسائٹی، آغوش آرفن کیئر ہوم اور منہاج القرآن کے تحت کام کرنے والے دیگر جتنے بھی انسٹی ٹیوشنز ہیں وہ سب ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، احتیاط ہی بہترین علاج اور حکمت عملی ہے، خود کو موسمی اثرات سے بھی محفوظ رکھیں، کھانے پینے میں احتیاط سے کام لیں، دعا کرتا ہوں کہ اللہ آپ سب کو سلامت رکھے پاکستان اور اس کے عوام کی حفاظت فرمائے جو بیمار ہیں ان کو شفائے کاملہ عطا فرمائے، تندرستی، عافیت اور سلامتی عطا فرمائے، جنہیں اللہ پاک نے اس وباء سے بچایا ہے ان کی مزید حفاظت رکھے ان کے بچوں کی حفاظت رکھے آپ سب کے ایمان، اخلاق، کاروبار کی خیر اور سلامتی ہو۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top