شیخ الاسلام کی ملت اسلامیہ کو حج اور عیدالاضحی پر مبارکباد

قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عیدالاضحی کے موقع پر اسلامیان پاکستان اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحی امت مسلمہ کیلئے خیر و برکت کا عظیم تہوار ہے، ہر عظیم مقصد اور منزل کا حصول جذبہ ایثار سے مشروط ہے، ہم خوش قسمت ہیں کہ اللہ نے ہمیں اپنی زندگیوں میں ایک بار پھر حج کے مقدس ایام میں عبادت کرنے اور فریضہ قربانی ادا کرنے کی توفیق سے بہرہ مند فرمایا۔

شیخ الاسلام نے اس سال فریضہ حج کی ادائیگی کی سعادت حاصل کرنے والوں کو بھی مبارکباد دی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہر طرح کی وباؤں سے نجات دے تاکہ مسلمان پورے ایمانی جوش و خروش کے ساتھ فریضہ حج و عمرہ کی سعادت حاصل کر سکیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ کچھ اعمال ایسے ہوتے ہیں جو اللہ کے ہاں بہت مقبول ہیں۔ فریضہ حج کی ادائیگی اور قربانی ان میں سے سرفہرست ہیں۔ قربانی ایثار کا نام ہے۔ فلسفہ قربانی یہ ہے کہ اللہ کی راہ میں اپنی قیمتی ترین متاع کو قربان کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہا جائے اور اس کی رضا پر خوش رہا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے ایام میں اللہ کی خوشنودی کیلئے مستحقین اور مالی اعتبار سے کمزور لوگوں کی دست گیری کی جائے، ان کی ضروریات کا خیال رکھا جائے۔ اللہ رب العزت نے جنہیں مالی آسودگی عطاء فرمائی ہے وہ بطور خاص ضرورت مندوں کی مدد کریں اور انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔ انہوں نے کہا کہ فریضہ قربانی اور آداب قربانی تقاضا کرتے ہیں کہ اپنے عزیز و اقارب، اہل محلہ اور مستحقین کا ہر اعتبار سے خیال رکھا جائے۔ یہ عبادات کی قبولیت کے نایاب لمحات ہیں، انہیں ہر گز ضائع نہ کیا جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں۔ احتیاطی تدابیر کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top