نظام المدارس پاکستان کی طرف سے مدرسین کو ویکسین لگوانے کی ہدایت
طلبہ اور عملہ ویکسین لگوائیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں: ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر
حکومتی ہدایات کے مطابق مدرسین 31 اگست سے قبل لازمی ویکسین لگوائیں: علامہ عین الحق بغدادی
لاہور (29 جولائی 2021ء) نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر نے کہا ہے کہ نظام المدارس پاکستان سے الحاق کرنے والے مدارس دینیہ کے تمام مدرسین اور عملہ ویکسی نیشن کروائیں۔ وباؤں سے نجات کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا سنت نبوی ﷺ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کی طرف سے مفاد عامہ میں ویکسی نیشن کروانے کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں ان پر عمل کرنا ہر شہری پر لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسین خود بھی ویکسی نیشن کروائیں اور اپنے اہل خانہ کی بھی ویکسنیشن کروائیں۔
دریں ا ثناء نظام المدارس پاکستان کے ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی نے بھی تحریری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسی نیشن کے حوالے سے حکومتی پالیسی جاری ہو چکی ہے کہ 31 اگست تک اساتذہ لازمی طور پر ویکسی نیشن کروالیں تاکہ اس جان لیوا مرض سے نجات حاصل کی جا سکے۔ علامہ عین الحق بغدادی نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے مدرسین اور طلباء حکومت کی طرف سے مفت ویکسی نیشن کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور پھر کم آمدنی والے خاندان یہ اخراجات برداشت نہیں کر سکیں گے۔ مفت ویکسی نیشن پروگرام بند ہونے کے بعد نجی شعبہ ویکسی نیشن کی آڑ میں بھاری رقم وصول کرے گا اور کھال اتارے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے اس وقت چوتھی لہر سر اٹھا رہی ہے اور متاثرین کے ساتھ ساتھ اموات کی شرح میں ایک بار پھر اضافہ ہو رہا ہے، احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہر شہری پر لازم ہے۔ ناظم امتحانات نے کہا کہ مدارس دینیہ کے جملہ بورڈز ویکسی نیشن کے حوالے سے ریاست پاکستان کی پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور مفاد عامہ کے اس اہم مشن کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علمائے کرام اور آئمہ مساجد کورونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے جمعۃ المبارک کے خطبات میں رائے عامہ ہموار کریں۔
تبصرہ