منہاج القرآن اتحاد امت کی داعی ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
فرقہ واریت سے اسلام کی پرامن تعلیمات کو نقصان پہنچا: چیئرمین سپریم کونسل
ورکرز کنونشن سے خرم نواز گنڈاپور، علامہ رانا ادریس، میاں ریحان مقبول و دیگر کا خطاب
کنونشن میں سنٹرل پنجاب کے صدور و جنرل سیکرٹریز اور خواتین رہنماؤں نے شرکت کی
لاہور (18 ستمبر 2021ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے سنٹرل پنجاب ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج القرآن اتحاد امت کی داعی تحریک ہے۔ فرقہ واریت سے اسلام اور پاکستان کے پرامن تشخص کو نقصان پہنچا۔ منہاج القرآن نے اتحادِ امت اور پرامن معاشرہ کی تشکیل کے لیے تعلیم و تربیت کے مثالی ادارے قائم کیے۔ اسلام کا سچا پیروکار کبھی تنگ نظر اور متشدد نہیں ہو سکتا۔ ہماری فکری رہنمائی کا سرچشمہ اسوہ رسول ﷺ ہے۔ ظلم اور استحصال کے خلاف آواز اٹھانا دینی و قومی ذمہ داری ہے۔
ورکرز کنونشن اور عہدیداروں کی حلف برداری کی تقریب سے سنٹرل پنجاب کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور نو منتخب عہدیداروں کا تعارف کروایا۔
ورکرز کنونشن میں لاہور کے 6 اضلاع (زونز) سمیت سنٹرل پنجاب کے 21 اضلاع کے فورمز کے صدور و جنرل سیکرٹریز اور شعبہ خواتین کی مرکزی و صوبائی عہدیداروں نے شرکت کی۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے باشعور کارکنان ظلم کے خلاف مصلحت سے پاک کلمہ حق بلند کرنے کی جرأت رکھتے ہیں۔ کارکنوں نے جانیں دے کر ظلم کے نظام کے چہرے سے پردہ ہٹایا۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون رنگ لائے گا۔ قاتل کتنے ہی بااثر اور چالاک سہی ایک روز بے گناہوں کا خون بہانے کے جرم میں نشان عبرت بنیں گے۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینئر رہنماء میاں ریحان مقبول نے کہا کہ ہم فکری اور نظریاتی رہنمائی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تعلیمات اور عملی اقدامات سے لیتے ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے قوم کو جامع اصلاحات اور انقلاب کا شعور دیا۔ ان شا اللہ ایک دن پاکستان میں مصطفوی انقلاب کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔
ورکرز کنونشن سے رانا نفیس حسین، ڈاکٹر سلطان چودھری، میاں عبدالقادر، اشتیاق حنیف مغل، قاری ریاست چدھڑ، سدرہ کرامت، ام حبیبہ اسماعیل، رافعہ عروج اور ارشاد اقبال نے شرکت کی۔
تبصرہ