مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا ”سیاست نہیں ریاست بچاؤ‘‘ طلبہ مارچ

طلبہ مارچ کی قیادت مرکزی صدر عرفان یوسف نے کی، سینکڑوں طلبہ کی شرکت
آج بدقسمتی سے سیاست کی بات ہو رہی ریاست کی بات کوئی نہیں کر رہا:عرفان یوسف
پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لئے دربدر ہیں، مرکزی صدر ایم ایس ایم

MSM Talaba March 2022

لاہور (16 نومبر 2022) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور کے زیراہتمام سیاست نہیں ریاست بچاؤ طلبہ مارچ کیا گیا۔ ماڈل ٹاؤن انٹرنیشنل مارکیٹ تا اکبر چوک ٹاؤن شپ تک نکالے گئے طلبہ مارچ کی قیادت مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ چوہدری عرفان یوسف نے کی۔ طلبہ مارچ میں مختلف کالجز کے سینکڑوں طلبہ نے شرکت کی۔

طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے عرفان یوسف نے کہا کہ پاکستان لاکھوں جانوں کی قربانیاں دے کر حاصل کیا گیا ہے۔ آج بدقسمتی سے سیاست کی بات ہو رہی ریاست کی بات کوئی نہیں کر رہا، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ سیاست کے نام پر فساد فی الارض ہو رہا ہے۔ عوام کے حقیقی مسائل پس منظر میں چلے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لئے دربدر ہیں۔ اسمبلیوں میں صرف سازشیں ہو رہی ہیں یا اقتدار کو تحفظ دینے کے منصوبے بن رہے ہیں، غریب عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے یہ ملک ایلیٹ کلاس کے تحفظ کیلئے بنایا تھا؟ نوجوانوں میں فرسٹریشن بڑھ رہی ہے، عرفان یوسف نے کہا کہ ہم چیف جسٹس آف سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ آئین و انسانی حقوق کی بالادستی کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام ملک کے تمام مسائل کی جڑ ہے، اس نظام نے غریب سے دو وقت کی روٹی کے ساتھ طلبہ کے حقوق بھی چھین رکھے ہیں، یہ نظام ہر گز طلبہ میں شعور و آگہی نہیں چاہتا۔ اس ملک کو ایک نئے نظام کی ضرورت ہے جس میں آئین و قانون کی بالادستی ہے، ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جو طلبہ کا محافظ ہو۔ طلبہ مارچ سے صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سندھ علی قریشی، صدر ایم ایس ایم لاہور محسن اقبال، اسامہ مشتاق و دیگر طلبہ رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top