کالج آف شریعہ (بزم منہاج) کے زیراہتمام انگریزی تقریری مقابلہ کا انعقاد

طلبہ عالمی سطح پر ہونے والی ایجادات و تحقیقات اور تبدیلیوں سے آگاہی حاصل کریں، پروفیسر محب اللہ اظہر
اگر کسی قوم میں احساس ذمہ داری پیدا ہو جائے تو وہ بہترین قوم بن جاتی ہے: ڈائریکٹر ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ
تقریری مقابلہ میں حافظ محمد حماد مصطفی نے پہلی، محمد صائم الحق نے دوسری اور احمد علی خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی

College of Sharia (Bazm Minhaj) English Speech Competition

لاہور (18 نومبر 2022) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں (بزم منہاج) کے زیراہتمام ادبی مقابلوں کے سلسلے میں انگریزی تقریر ی مقابلہ منعقد ہوا۔ تقریری مقابلے کا عنوان ''خدا ان کی مدد کرتا ہے جو اپنی مدد کرتے ہیں'' تھا۔ تقریب میں مختلف کلاسوں کے طلبہ نے نمائندگی کرتے ہوئے خوبصورت لب و لہجہ میں تقاریر کیں۔ اساتذہ، حاضرین اور طلبہ سے خوب داد وصول کی۔

ڈائریکٹر ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز پروفیسر محمد محب اللہ اظہر نے تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے طلبا کی نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقاریب سے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں بڑی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم اور تدریسی فرائض پوری محنت سے انجام دینے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر ہونے والی ایجادات و تحقیقات اور تبدیلیوں سے بھی آگاہی حاصل کریں، طلبہ اس مقصد کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور مدد لیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی تعلیم کو مکمل کریں تو پھر ہر قدم پر کامیابیاں ان کے قدم چومیں گی۔ انہیں دنیاوی اور اخروی سعادتیں نصیب ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی مدد آپ کا مطلب ہے کہ اپنا کام خود کرنا، دوسروں پر انحصار نہ کرنا، کسی کا محتاج نہ ہونا۔ یہ وہ اصول ہیں جن کی بنیاد پر انسان ترقی کی منازل طے کرسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ایک احساس ذمہ داری ہے جو اگر ایک قوم میں پیدا ہو جائے تو وہ بہترین قوم بن سکتی ہے۔

تقریب میں مراد علی دانش، ڈاکٹر زہیر احمد صدیقی، سید خالد حمید کاظمی الازہری، علی حسنین، حافظ محمد نصیر افضل الانصار ازہری اور حافظ محمد اسامہ مجید (صدر بزم منہاج) سمیت اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جیوری کے فرائض ڈاکٹر زہیر احمد صدیقی اور علی حسنین نے انجام دیئے۔ تقریری مقابلہ میں حافظ محمد حماد مصطفی نے پہلی، محمد صائم الحق نے دوسری اور احمد علی خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ صدر بزم منہاج اسامہ مجید نے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا اور طلباء کو ادبی معاشروں کی اہمیت اور ادبی مقابلوں کے حوالے سے تفصیلات بتائیں اورطلباء کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہاکہ طلبہ اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے مزید مواقع حاصل کریں۔ پروفیسر محب اللہ اظہر نے کامیاب مقررین میں انعامات تقسیم کئے اور طلبہ کو اپنی علمی کاوشیں جاری رکھنے کی تلقین کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top