نوجوان پاکستان کو خوشحال بنانے کی قوت رکھتا ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

منہاج یوتھ کے 34ویں یوم تاسیس پر ”آئیں ہم اک ساتھ چلیں“سیمینار سے خطاب
یہ نظام نوجوانوں کے تخلیقی جوہر کا قاتل ہے:خرم نواز گنڈاپور، مظہر علوی و دیگر کا اظہار خیال

Celebration of the 34th Foundation Day of Minhaj Youth League

منہاج یوتھ لیگ کے 34ویں یوم تاسیس پر مرکزی سیکرٹریٹ میں 30 نومبر 2022ء کو منعقدہ ”آئیں ہم اک ساتھ چلیں سمینار“ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا یہ نظام نوجوانوں کے تخلیقی جوہر کا قاتل ہے۔ یہ نظام ملک و قوم کو گھن کی طرح چاٹ گیا۔ موجودہ سیاسی، سماجی، معاشی حالات کی وجہ سے نوجوان مایوس ہیں۔ اگر نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ نہ اٹھایا گیا اور ان کے لئے مواقع پیدا نہ کئے گئے تو تخریب کار باردگر نوجوانوں کی طاقت کا منفی استعمال کر سکتے ہیں۔

یوم تاسیس کی تقریب سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ویڈیو لنک پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے کی قوت رکھتا ہے۔ افسوس نوجوانوں کو صرف نعروں کے لئے استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری واحد راہنما ہیں جنہوں نے یوتھ امپاورمنٹ کے ویژن کے تحت نوجوانوں کو علم و تحقیق کے راستے پر گامزن کیا اور گزشتہ 34سالوں میں پسماندہ اضلاع کے ہزاروں نوجوانوں کیلئے ایم فل اور پی ایچ ڈی کی تعلیم کے حصول کے لئے آسانیاں پیدا کیں۔ انہوں نے منہاج یوتھ لیگ کے مثالی دعوتی کردار پر انہیں مبارکباد دی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے نوجوانوں کو علم و ہنر دیا۔ نوجوان ذہن نشین کر لیں اگر وہ باوقار زندگی گزارنا چاہتے ہیں تو اپنے آپ کا ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کریں۔ ٹیکنالوجی کے بغیر قوموں اور معاشروں کی کوئی معاشی مستقبل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5دہائیاں قبل بنگلہ دیش کو غربت کے طعنے ملتے تھے آج وہی بنگلہ دیش اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں کی مدد سے خطہ میں تیز ترین ترقی کرنے والا ملک بن چکا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں میں مطالعہ کتب کا شوق اجاگر کرنے کے حوالے سے منہاج یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی اور ان کی پوری ٹیم کی خدمات کو سراہا۔

یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم شیخ الاسلام کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے ہمیں علم اخلاق اور کردار کے راستے پر چلایا۔ پسماندہ خاندانوں کے طلباء کے لئے حصول علم کے لئے معیاری اعلیٰ تعلیمی ادارے قائم کئے۔ انہوں نے حوصلہ افزائی کرنے پر مرکزی قائدین کا شکریہ ادا کیا۔

34ویں یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر میں تقاریب ہوئیں اور کیک کاٹے گئے۔ مرکزی تقریب میں نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر محمد رفیق نجم، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نوراللہ صدیقی، علامہ میر آصف اکبر، سردار عمر دراز خان، چودھری عرفان یوسف، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، حافظ سعید رضا بغدادی، طیب ضیاء، سدرہ کرامت، عائشہ مبشر و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر یوم تاسیس کے سلسلے میں کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top