منہاج القرآن کی جدوجہد انتہا پسندی اور تنگ نظری کے خلاف ہے: خرم نواز گنڈاپور
دین اسلام نے تنگ نظری کی بجائے لوگوں کو آسانیاں دینے کا حکم دیا
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کارکنان کو علم و عمل کا پیکر بنایا ہے
ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کا سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب
علامہ رانا محمد ادریس، انجینئر محمد سلیم، محمد اسلم بسرا، علامہ ثناء اللہ ربانی، قاری ریاست علی چدھڑ کی شرکت
لاہور (14 دسمبر 2022) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اسلام امن، بھائی چارے اور سلامتی کا دین ہے۔ تحریک منہاج القرآن تحریک امن ہے اور پوری دنیا میں قیام امن ہی تحریک منہاج القرآن کا مشن ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی جدوجہد انتہا پسندی اور تنگ نظری کے خلاف ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں اسلام کے حقیقی تشخص کی بحالی کیلئے سرگرم عمل ہے۔ دین اسلام نے تنگ نظری کی بجائے خوش خبری سنانے اور لوگوں کو آسانیاں دینے کا حکم دیا ہے، نفرتوں کو مٹانے کی تلقین فرمائی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان شرق تا غرب پوری دنیا میں امن کے سفیر بن کر پھیلے ہوئے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کارکنان کو علم و عمل کا پیکر بنایا ہے۔ منہاج القرآن کے عظیم کارکنان اپنے مثبت کردار سے محبت اور امن کو پھیلائیں۔ فکری، نظریاتی، اخلاقی و روحانی تربیت پر توجہ دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکرز کنونشن سے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس قادری، انجینئر محمد سلیم، محمد اسلم بسرا، علامہ ثناء اللہ ربانی، قاری ریاست علی چدھڑ نے بھی خطاب کیا۔ حاجی مختار احمد ساہی، محمد ادریس گجر، جاوید احمد چیمہ اور اورنگ زیب رضا خان، عبدالستار انجم اور حافظ غلام مصطفیٰ گجر سمیت تحریک منہاج القرآن کے جملہ فورمز کے ذمہ داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان ہمارا اثاثہ اور فخر ہیں۔
دریں اثناء ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز سمبڑیال ضلع سیالکوٹ کے لیے خرید کردہ سائٹ کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر علامہ رانا محمد ادریس قادری، انجینئر محمد سلیم، محمد اسلم بسرا، علامہ ثناء اللہ ربانی، قاری ریاست علی چدھڑ، حاجی مختار احمد ساہی، محمد ادریس گجر، جاوید احمد چیمہ اور اورنگ زیب رضا خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ خرم نوازا گنڈاپور منہاج اسلامک سنٹر معراج کے بھی گئے اور تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ کے عہدیداران و کارکنان سے ملاقات بھی کی۔
تبصرہ