منہاج القرآن کے زیراہتمام قائد اعظمؒ کے یوم ولادت کے موقع پر تقریب کا انعقاد

تقریب میں بانی پاکستان کے یوم ولادت کا کیک کاٹا گیا، ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعا کی گئی
محمد علی جناح ؒ کی ایمانداری، محنت اور استقامت نے انہیں عظیم لیڈر بنایا: بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان
نور اللہ صدیقی، جواد حامد، سہیل رضا، سردار عمردراز، لطیف مدنی ودیگر رہنماؤں کی تقریب میں شرکت

Quaid-i-Azam birthday ceremony

لاہور (25 دسمبر 2022ء) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے 147ویں یوم ولادت کے موقع پر تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان نے کی۔ تقریب میں بانی پاکستان کے یوم ولادت کے حوالے سے کیک بھی کاٹا گیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعا بھی کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بریگیڈئر (ر) اقبال احمد خان نے کہا کہ قائد اعظم محمد جناحؒ کے بتائے ہوئے رہنما اصول اپنا کر ہی ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامز ن کیا جاسکتا ہے۔ ترقی کے لئے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ قائد اعظمؒ نے برصغیرکے مسلمانوں کو الگ شناخت اور سیاسی سمت کا شعور دیا۔ محمد علی جناحؒ نے زندگی کی آخری سانس تک فلاحی معاشرے اور قانون کی حکمرانی کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی جناحؒ کی ایمانداری، محنت اور استقامت نے انہیں عظیم لیڈر بنایا۔ خوشحال اور روادار پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ان اوصاف کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظمؒ کے وژن کے مطابق کرپشن سے پاک اور شہریوں کی مدد کرنے والے نظام کی ضرورت ہے۔ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے سب کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے لئے معاشرے کے نظر انداز کئے گئے طبقات کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔ آج 25 دسمبر کا دن محاسبے کا دن بھی ہے کہ ہم نے بانی پاکستان کے فرمودات اور نظریات پر کتنا عمل کیا؟ انہوں نے کہا کہ اصول، انصاف، تعلیم، صحت، سماجی و معاشی حقوق کی فروانی اور انتہا پسندی سے پاک معاشرہ ہی قائد اعظم ؒ کاپاکستان تھا۔ تقریب میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، جواد حامد، سہیل احمد رضا، سردار عمر دراز خان، مشتاق احمد، محمد لطیف مدنی، اورنگزیب خان، سعد اختر، میاں زاہد جاوید سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top