امتحانی فیسوں میں اضافہ واپس لیا جائے: ڈاکٹر فرح ناز
اضافہ تعلیم دشمنی، چیف جسٹس نوٹس لیں، مرکزی صدر منہاج ویمن لیگ
لاہور (26 دسمبر 2022ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز نے امتحانی بورڈز کی فیسوں میں اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم کو عام کرنے اور سہولتیں فراہم کرنے کی بجائے امتحانی فیسوں میں اضافہ سراسر ظلم ہے۔ مہنگائی کے مارے والدین پر مزید ظلم نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انرولمنٹ، داخلہ، مارکس شیٹ، سر ٹیفکیٹ و دیگر فیسوں میں اضافہ تعلیم دشمنی کے مترادف ہے۔ غریب طلبہ بورڈ کی فیسیں نہیں بھر سکیں گے۔ لاکھوں بچے انرولمنٹ سے رہ جائیں گے اور امتحان نہیں دے سکیں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کی فیسوں میں اضافے کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے تاکہ غریب طلبہ و طالبات تعلیم سے محروم نہ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں والدین پر ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فرح ناز نے سیکنڈری بورڈز کی فیسوں میں اضافے پر چیف جسٹس سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ سیکنڈری بورڈز کی فیسوں میں اضافہ مفت تعلیم کی فراہمی کی آئینی گارنٹی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں تعلیم کی فراہمی کیلئے عوام اور غریب طلبہ کو رعائتیں دیتی ہیں جبکہ سیکنڈری بورڈز نے فیسوں میں 100 فی صد اضافہ کر کے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے جو تعلیم دشمنی ہے۔
تبصرہ