منہاج القرآن قرآن کے پیغام کو عام کرنے کی تحریک ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا ماموں کانجن میں درس عرفان القرآن
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ قرآن حکیم کو منشورِ حیات کے طور پر سمجھنے اور نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ قرآن مجید حضور نبی اکرم ﷺ کا سب سے بڑا معجزہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کو ہر قسم کے ردّ و بدل اور کمی و بیشی سے محفوظ فرمایا ہے۔ قرآن مجید اپنی شان میں یکتا کتاب ہے۔ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے اپنا جلال، قوت اور قدرت شامل کر دی ہے۔ قرآن حکیم تمام انسانوں کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایسا دستور حیات ہے جس پر عمل پیرا ہو کر زندگی کے ہر میدان میں سرفرازی اور بلندی حاصل کی جا سکتی ہے۔ سیاست، معیشت، معاشرت، اَخلاق سمیت تمام اُمور کو اللہ کریم کے کلام پاک سے جاننے اور سمجھنے کی ضرورت ہے۔ جن قوموں نے قران میں غور و فکر کیا ہے، انہیں اللہ تعالیٰ نے قرآن کے صدقے عزت اور عروج سے نوازا ہے۔ قوم کو اپنی زبوں حالی کے خاتمے کے لیے قرآن اور اس کے علوم سے جڑنا ہوگا۔ تحریک منہاج القرآن، قرآن کے علوم و فنون کے پرچار کی جماعت ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے: قرآن اور میری اَہلِ بیت کو تھامے رکھنا۔ منہاج القرآن اسی پیغام کو عام کرنے کی تحریک ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماموں کانجن میں درسِ عرفان القرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام پورے ملک میں جاری دروس عرفان القرآن کا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کے دلوں میں قرآن کا نور اتارا جائے اور انہیں علومِ قرآن سے روشناس کروایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید سے استفادہ اسی صورت ممکن ہے جب اسے سمجھ کر پڑھا جائے۔
درسِ قرآن میں پیر سید غلام محی الدین شاہ، پیر سید عقیل حیدر شاہ، پیر سید اجمل حسین شاہ، پیر سید غلام عبدالرسول شاہ، پیر سید علی حیدر شاہ، پیر سید عطاء الحق شاہ، راجہ زاہد محمود قادری، قاری ریاست علی چدھڑ، رانا عبدالمجید قادری، محمد شعیب قادری، محمد شعیب طاہر، محمد امتیاز بھٹی، میاں محمد اصغر، شیخ محمد زبیر، چودھری محمد سرفراز، محمد یوسف، تحریک منہاج القرآن کے ضلعی و تحصیلی ذمہ داران، عہدیدران، وابستگان (مرد و خواتین) نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام پورے ملک میں دروس عرفان القرآن کا سلسلہ جاری ہے جورمضان المبارک کے پورے مہینے جاری رہے گا۔ تحریک منہاج القرآن کے سکالرز نماز فجر کے بعد درس عرفان القرآن کی نشستوں سے خطاب کر رہے ہیں۔
تبصرہ