اللہ کو جھکی ہوئی جبینیں بے حد محبوب ہیں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

دنیاوی اسباب کی بجائے اللہ پر کامل یقین کامل ایمان ہے
چیئرمین سپریم کونسل کا جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Dr Hassan Qadri adressing Jummah spiritual gathering

لاہور (7 اپریل 2023ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے توکل اور یقین کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ، عشرہ مغفرت عطا ہونے پر امہ کا ہر روزہ دار اللہ کے حضور پہلے سے بڑھ کر سربسجود ہو جائے، یہ گناہوں سے تائب ہونے کے قیمتی لمحات ہیں انہیں ضائع نہ ہونے دیں۔ اللہ پر توکل اور راسخ یقین ایمان کی حفاظت و استحکام کی نشانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بندہ اللہ کے درپر جھک جاتا ہے تو پھر اللہ بھی اپنے اس عاجز بندے کو در در پر جھکنے کی خفت سے بچا لیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان کے مصائب و آلام کی بڑی وجہ اللہ کی بجائے دنیاوی اسباب پر انحصار کرنا ہے، انسان کمزور و ناتواں ہے اگر اللہ بینائی چھین لے تو ہم دیکھ نہیں سکتے، پاؤں سے محروم کر دے تو ہم چل نہیں سکتے، ذائقے کی حس چھن جائے تو ہم بے لذت ہو کر رہ جائیں پھر اکڑ کس بات کی؟۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کو جھکی ہوئی جبینیں پسند ہیں۔ خود کو تکبر، غرور، نخوت اور میں کی آلائشوں سے پاک کریں۔ دنیا و آخرت کی کامیابی عجز و انکساری اختیار کرنے میں ہے۔

چیئرمین سپریم کونسل نے نماز جمعہ کے بعد مختلف شہروں سے آئے ہوئے رہنماؤں اور مختلف وفود سے بھی ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ منہاج القرآن خرم نوز گنڈاپور و دیگر قائدین نے بھی نماز جمعہ جامع شیخ الاسلام میں ادا کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آخری عشرہ اعتکاف اور رحمت کا ہے۔ اعتکاف ایک ایسی روحانی عبادت ہے جو انسان کے باطن کو پاک صاف کرتی ہے۔ انسان 10 روز کیلئے اپنے آپ کو دنیا سے کاٹ لیتا ہے اور خشوع و خضوع کے ساتھ عبادات انجام دیتا ہے جس کی برکت سے اللہ انسان کے قلب کو ایمان کے نور سے منور فرما دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر وہ شخص جس کو اللہ نے توفیق دی ہے وہ معتکف ہونے کی سعادت لازم حاصل کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top