اللہ کی قربت چاہنے والے نفس کی پیروی ترک کر دیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
شیطان کے بڑے ہتھیاروں میں سب سے بڑا ہتھیار بندے کو ناشکرا بنانا ہے
جسٹس (ر) نذیر احمد غازی، میاں جلیل شرقپوری، مفتی محمد رمضان سیالوی، صدر کاشف سلیمان کی شہر اعتکاف میں شرکت
لاہور (20 اپریل 2023ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہر اعتکاف میں 9 ویں روز اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ کی قربت چاہتے ہو تو نفس کی پیروی ترک کر دیں نفسانی خواہشات کا غلبہ انسان کو اعمال صالح سے دور کر دیتا ہے، ہر نافرمان درحقیقت نادان ہے، نفع نقصان کا علم نہ ہونا نادانی ہے، سوال یہ نہیں کہ اللہ بہت قریب ہے، سوال یہ ہے کہ ہم اللہ کے کتنا قریب ہیں؟ اللہ کا قرب چاہتے ہو تو خود کو نفس سے دور کر لو، نفس کے ساتھ رہو گے تو اللہ کے قریب کبھی نہ ہوسکو گے، نفس اور شیطان کا گٹھ جوڑ ہے، شیطان نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ نفس کے ذریعے حملہ آور ہوگا اور اس کے بڑے ہتھیاروں میں سب سے بڑا ہتھیار بندے کو ناشکرا بنانا ہے، دل انسان کی خلوت گاہ ہے اللہ اس خلوت گاہ پر نگاہ ڈالتا ہے اور دیکھتا ہے کہ اس خلوت گاہ میں، میں ہوں یا کوئی اور؟ اسی لیے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ اعمال کا دارومدار نیت پر ہے۔
شہر اعتکاف میں جسٹس (ر) نذیر احمد غازی، میاں جلیل شرقپوری، خطیب جامع مسجد علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ مفتی محمد رمضان سیالوی اور لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف سلیمان نے شہر اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خطاب سنا اور ہزاروں معتکفین کے ساتھ شب بیداری کی۔
تبصرہ