شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ملت اسلامیہ کو عیدالاضحی کی مبارکباد

مورخہ: 17 جون 2024ء

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ملت اسلامیہ کو عیدالاضحی کی مبارکباد

فرزندان توحید جانور قربان کرنے کے ساتھ اپنی انا، خود غرضی بھی قربان کریں
قربانی کا گوشت بلاتاخیر مستحقین میں تقسیم کیا جائے، منہاج ویلفیئر کو ہدایت

لاہور (16 جون 2024ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عیدالاضحی کے موقع پر اسلامیان پاکستان اور ملت اسلامیہ کے نام اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ سنت ابراہیمی کی ادائیگی میں ہماری قربانیاں اور ان مبارک ایام میں مانگی جانے والی دعاؤں اور التجاؤں کو قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے حقیقی ثمرات سمیٹنے کے لئے فرزندان توحید جانور قربان کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی انا، خودپسندی اور خود غرضی کو بھی قربان کریں اور عزم کریں کہ ہمارا ہر عمل اللہ اور اس کے رسول ؐکی خوشنودی کے لئے ہوگا۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مزید کہا کہ قربانی کا فریضہ ایثار و اخلاق سے عبارت ہے۔ اللہ کے نزدیک کسی کی ظاہری حیثیت نہیں بلکہ اخلاق، نیت اور تقویٰ اہم ہے۔ آج کے مبارک دن اہل ثروت، ہمسایوں اور مستحقین کی خوشیوں اور ضروریات کا خیال رکھیں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن (منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن) کے تحت ملک بھر میں قائم اجتماعی قربانیوں کے مراکز کی انتظامیہ کو ہدایات دیں کہ قربانی کا گوشت بلاتاخیر مستحقین میں تقسیم کیا جائے۔ صفائی کا خصوصی خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عیدین اسلامی ثقافت کے باوقار ایام ہیں جو ملت اسلامیہ کو اتحاد و یکجہتی میں پروتے ہیں۔ اللہ کی رضا و خوشنودی کے لئے زیادہ سے زیادہ وقت خدمت خلق میں بسر کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top